سلمان خان کا وقت کبھی ختم نہیں ہو سکتا: شہزاد خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بالی ووڈ کے سینئر اداکار شہزاد خان نے اپنے دوست سلمان خان پر ہونے والی تنقید کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کا وقت کبھی نہیں ختم ہو سکتا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہزاد خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ”یہ سب بکواس ہے، مکمل بکواس ،ہاں فلموں کا نہ چلنا ایک الگ بات ہے، لیکن سلمان خان کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک خدا اُسے نہ بُلالے، وہ چلتا رہے گا۔ اُس کا کوئی متبادل نہیں ہے، ٹائیگر زندہ ہے اور ٹائیگر زندہ رہے گا۔ اُس کی فلمیں آئیں گی اور سپر ہٹ ہوں گی۔ یہ کہنا کہ وہ ختم ہو چکا ہے، صرف یوٹیوب پر دکانیں چمکانے والوں کی باتیں ہیں، جنہیں سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔
شہزاد خان نے مزید کہا کہ اور ہاں، ان کے بارے میں بہت ساری غلط کہانیاں ہیں۔ بہت کم لوگ ان کے بارے میں صحیح معلومات رکھتے ہیں، لیکن دوسری طرف بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور انہیں دیوانوں کی طرح چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا لوگ اس کے لیے روتے ہیں، وہ اس کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ مجھے شک ہے کہ میں نے کبھی کسی اور اداکار کے لیے ایسا جنون دیکھا ہو گا۔شہزاد خان نے سلمان خان کے فلمی انتخاب پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ بعض ناکام فلموں کے پیچھے سلمان کی دوستی اور دریا دلی کا ہاتھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان اپنی فلموں میں اکثر اپنے دوستوں کو مواقع دیتا ہے، چاہے ان کے پاس کوئی خاص کام نہ ہو۔ میں نام نہیں لوں گا، مگر ایک اداکار جسے اُس نے ’سکندر‘ میں رول دیا، اُس نے سلمان سے کہا کہ ’میرے پاس کام نہیں ہے، اور سلمان نے فوراً کہا کہ ’تم میری اگلی فلم ’سکندر‘ کا حصہ ہو یہی اُس کی شخصیت ہے۔ وہ بے لوث مدد کرتا ہے اور کبھی وفاداری کی توقع نہیں رکھتا۔ وہ سمجھتا ہے کہ دینے والا خدا ہے، اور اُس نے کبھی ذاتی مفاد کے لیے کچھ نہیں کیا۔
گزشتہ چند سالوں میں سلمان خان کی فلموں کا باکس آفس پر اتنا کامیاب ہونا ممکن نہیں رہا۔ ان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ نے دنیا بھر میں صرف 184.6 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ اسی طرح ’ٹائیگر 3‘ جیسی بڑی فلم بھی توقعات کے مطابق کام یاب نہ ہو سکی اور صرف 464 کروڑ روپے کا بزنس کر پائی۔
یہ بھی پڑھیں :انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں 6.2 شدت کا زلزلہ