مودی سرکار نے اپنے پیروں پر کلہاڑی مار لی ہے: مشعال ملک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)انسانی حقوق کی کارکن اور حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت پہلگام فالز فلیگ کی آڑ میں کشمیریوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے، کشمیری قوم بڑی بھاری قیمت ادا کر رہی ہے، بہت سی سفارکاریاں ہوئیں لیکن کچھ نتیجہ نہیں نکلا کیونکہ بھارت کی نیت ٹھیک نہیں مگر دنیا کیلئے کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے یہ آئیڈیل موقع ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ پہلگام میں صرف ہندوؤں کو نہیں بلکہ مسلمانوں اور دوسرے ممالک کے لوگوں کو بھی ٹارگٹ کیا گیا، میری فیملی بھی بھارتی مظالم کا شکار ہے، مجھے یاسین ملک سے بات تک کرنے کی اجازت نہیں، ہزاروں خاندانوں کو جبراً جدا رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر کشمیری کی داستان ہے، معصوم نہتے کشمیریوں کا قتل ہو رہا ہے، جنازے اٹھ رہے ہیں، پانی پر مودی جارحیت کر رہا ہے، یہ کشمیریوں کا پانی ہے، جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا ، اس میں صرف جانی نقصان ہوتا ہے، ایل او سی پر اس وقت حالات بہت خوفناک ہیں، ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، بھارتی فوج نے ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں اور وہ جنگ کے حق میں نہیں، چین اور بنگلہ دیش کا مؤقف قابلِ ستائش ہے، مودی سرکار نے اپنے پیروں پر کلہاڑی مار لی ہے۔