اسسٹنٹ کمشنر سے گرماگرمی۔۔ مریم نواز کی تنقید پر فردوس عاشق کا ردعمل آگیا

May 03, 2021 | 14:53:PM
 اسسٹنٹ کمشنر سے گرماگرمی۔۔ مریم نواز کی تنقید پر فردوس عاشق کا ردعمل آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کا اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کے معاملے پر مریم نواز کی تنقید پر ردعمل سامنے آگیا۔معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ کرپٹ شاہی خاندان کی جعلی راجکماری کے نزدیک اے سی کی دانستہ کوتاہی کی نشاندہی کرنا حرام ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرپٹ شاہی خاندان کی جعلی راجکماری کے نزدیک ان کے ابا جی، چچا اور رانا ثنااللہ کی بیوروکریٹس اور انکی اولادوں کو دی گئی دھمکیاں حلال جبکہ اے سی کی دانستہ کوتاہی کی نشاندہی کرنا حرام ہے! عوام جان چکے شاہی خاندان کے کرپٹ لٹیروں کا مقصد کرپشن بچانا جبکہ ہمارا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت مافیا کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔ کھوکھلے دعوؤں سے میڈیا کے سامنے شوبازیوں کے برعکس بزدار حکومت حقیقی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، چھاپہ مار کارروائیوں میں ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کی گرفتاریاں، جرمانے اور مقدمات کا اندراج کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ مریم نواز نے کہا تھا کہ سول سرونٹس اور بیوروکریٹس پڑھ لکھ کر، محنت کر کے، مقابلے کے امتحان پاس کر کے اس مقام تک پہنچتے ہیں، SELECT ہو کر نہیں آتے۔ وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا ہے۔ یہ رعونت قابل قبول نہیں۔ سونیا صدف سے معافی مانگیے۔