محکمہ داخلہ پنجاب کا یومِ شہادت حضرت علیؓ پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
( قیصر کھوکھر )محکمہ داخلہ پنجاب نے یومِ شہادت حضرت علیؓ 21 رمضان المبارک بدھ 11 مارچ کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
محکمہ داخلہ کی ہدایت کے مطابق ملک بھر میں جلوس، مجالسِ عزا اور مذہبی اجتماعات عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوں گے، مساجد اور امام بارگاہوں میں علمائے کرام حضرت علیؓ کی حیات و تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے اور عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
حکام نے ہدایت دی ہے کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور مجالس پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور ماتمی جلوس، محافلِ عزا اور دیگر مذہبی اجتماعات کی حفاظت یقینی بنائی جائے، مقررین کو کسی بھی فرقے کے خلاف قابل اعتراض یا اشتعال انگیز تقریر سے منع کیا گیا ہے۔
پنجاب بھر میں آتشیں اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ساؤنڈ سسٹم (ریگولیشن) ایکٹ، 2015 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے شرپسند عناصر پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔
مرکزی جلوسوں کی نگرانی کے لیے کواڈ کاپٹرز کا استعمال کیا جائے گا اور جلوس کے راستوں پر واپڈا کی ٹرانسمیشن لائنوں اور ایس این جی پی ایل کی گیس پائپ لائنوں کو محفوظ بنایا جائے گا، صوبے کے تمام شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات اور چیکنگ بھی یقینی بنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے بری خبر:آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
ممتاز مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے،ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت ہائی الرٹ پر ہوں گے جبکہ فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ایمبولینس اور بلا تعطل بجلی و طبی عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت دی ہے کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس ادارے قریبی رابطہ رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بروقت معلومات شیئر کریں،ضلعی ایمرجنسی بورڈز کے اجلاس طلب کر کے ڈسٹرکٹ ریسکیو پلان فعال کیا جائے گا۔
لاہور میں 21 رمضان کو زری جلوس کے تین بڑے مذہبی جلوس بھی شامل ہیں، جن کی حفاظت کے لیے کواڈ کاپٹرز کے مؤثر استعمال اور تمام سکیورٹی اہلکاروں کی مکمل موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔
کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر جامع سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ عوام کی حفاظت اور امن و امان برقرار رہے۔