بھارتی دارالحکومت میں ہولناک آتشزدگی، افسوسناک واقعے کے مناظر وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارتی داراحکومت نئی دہلی میں ایک ہوٹل میں لگنے والی خوفناک آگ نے درجنوں خاندانوں کو سوگوار کر دیا جہاں بدھ کے روز پیش آنے والے ہولناک واقعے میں کم از کم 25 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ حالیہ برسوں کے دوران بھارتی دارالحکومت میں پیش آنے والے مہلک ترین آتشزدگی کے واقعات میں سے ایک ہے۔

پولیس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ جنوبی دہلی کے گنجان آباد علاقے مالویہ نگر میں واقع فلورش اسٹے نامی گیسٹ ہاؤس میں پیش آیا۔
یہ علاقہ زیادہ تر رہائشی آبادی پر مشتمل ہے اور طلبہ سمیت نوجوان پیشہ ور افراد کی بڑی تعداد یہاں رہائش پذیر ہے۔

آگ صبح کے وقت بھڑکی جس کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 40 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

امدادی کارکنوں کی جانب سے سرچ اور ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا جبکہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل سرگرم رہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان گنوانے والوں میں کئی افریقی ممالک کے شہری بھی شامل ہیں جو علاج کی غرض سے نئی دہلی آئے ہوئے تھے،واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں عمارت کو شعلوں میں گھرا ہوا دیکھا جا سکتا تھا جبکہ سیاہ دھوئیں کے بادل دور تک پھیل گئے تھے، آگ نے عمارت کے بیرونی حصے کو شدید نقصان پہنچایا اور قریبی گلیوں میں موجود شہری بے بسی سے یہ منظر دیکھتے رہے، بعض مناظر میں دو افراد کو جان بچانے کے لیے بالائی منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق آٹھ فائر ٹینڈرز نے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، فائر فائٹرز، ریسکیو اہلکاروں اور مقامی شہریوں نے مشترکہ کوششوں سے کئی افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارتی وزیراعظم مودی نے سانحے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے، ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

تاحال آگ لگنے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم بھارت میں اکثر آتشزدگی کے واقعات ناقص برقی نظام اور خستہ حال وائرنگ کے باعث ہونے والے شارٹ سرکٹ سے منسلک ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی انتظامات میں کمی اور حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد نہ ہونا بھی ایسے حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی مشرقی بھارت کے ایک سرکاری اسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم 10 شدید علیل مریض ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد ملک میں فائر سیفٹی اقدامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھائے گئے تھے۔