علامہ ناصر مدنی کو خطبہ جمعہ کے دوران دل کا دورہ، حالت خطرے سے باہر ہے:ڈاکٹرز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)معروف مذہبی اسکالر علامہ ناصر مدنی کو خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کے دوران اچانک شدید دل کا دورہ پڑ گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ملتان کارڈیالوجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خطاب کے دوران علامہ ناصر مدنی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر تقریب میں موجود افراد نے ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی،معروف مذہبی اسکالر علامہ ناصر مدنی کا ملتان کے چودھری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج جاری ہے، جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ذرائع کے مطابق علامہ ناصر مدنی کو ابتدائی طبی معائنے کے بعد کارڈیالوجی ایمرجنسی سے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کے ضروری طبی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق علامہ ناصر مدنی کی طبیعت ہیٹ اسٹروک کے باعث بگڑی تھی، تاہم ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور مزید طبی رپورٹس کی روشنی میں علاج جاری رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ علامہ ناصر مدنی پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر، خطیب اور دعوتِ دین سے وابستہ شخصیت ہیں، وہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ، اصلاحِ معاشرہ اور دینی شعور بیدار کرنے کے حوالے سے ملک بھر میں جانے جاتے ہیں۔
علامہ ناصر مدنی مختلف شہروں میں دینی اجتماعات، جمعہ کے خطبات اور مذہبی کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہیں، جہاں وہ عقائد، عبادات، اخلاقیات اور سماجی مسائل پر قرآن و حدیث کی روشنی میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ان کے بیانات اور دروس سوشل میڈیا اور مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر بھی بڑی تعداد میں دیکھے اور سنے جاتے ہیں۔
وہ سادہ اور مدلل اندازِ بیان کی وجہ سے عوام میں مقبول ہیں، جبکہ دینی تعلیم و تربیت کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم رہتے ہیں، علامہ ناصرمدنی سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتے ہیں اورسوشل میڈیاکے مختلف پلیٹ فارمز پران کے فالور زکی اچھی خاصی تعدادموجود ہے۔