امریکہ، ایران امن معاہدے کے بعد کویت نے تیل کی پیداوار میں بڑا اضافہ کر دیا

Jul 03, 2026 | 09:13:AM
امریکہ، ایران امن معاہدے کے بعد کویت نے تیل کی پیداوار میں بڑا اضافہ کر دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )امریکہ اور ایران کے درمیان عبوری امن معاہدے کے بعد کویت نے خام تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق جون کے دوران کویت کی یومیہ تیل پیداوار بڑھ کر 16 لاکھ 50 ہزار بیرل تک پہنچ گئی، جو مئی میں صرف 5 لاکھ 80 ہزار بیرل یومیہ تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق جون کے آخری دس دنوں میں کویت کی یومیہ پیداوار بعض اوقات 19 لاکھ بیرل تک بھی پہنچ گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خلیجی ممالک کی تیل سپلائی تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے دوران آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث کویت، سعودی عرب اور عراق سمیت کئی خلیجی ممالک کو اپنی تیل پیداوار میں نمایاں کمی کرنا پڑی تھی، تاہم امریکہ اور ایران کے درمیان عبوری امن معاہدے کے بعد صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:ایران میں رقت آمیز مناظر!

کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے 18 جون کو جنگ کے دوران نافذ کیے گئے تمام فورس میجر نوٹس واپس لے لیے تھے، جبکہ بعد ازاں خریداروں کے لیے خام تیل کی نئی کھیپوں کی پیشکش بھی شروع کر دی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل بحال ہونے سے عالمی توانائی منڈی میں اعتماد بڑھ رہا ہے، تاہم خام تیل کی قیمتیں اس خبر کے بعد مزید دباؤ کا شکار رہیں۔

واضح رہے کہ کویت اپنی خام تیل برآمدات کے لیے تقریباً مکمل طور پر آبنائے ہرمز پر انحصار کرتا ہے، جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے پاس متبادل برآمدی راستے بھی موجود ہیں، اسی وجہ سے ایران جنگ کے دوران کویت سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خلیجی ممالک میں شامل تھا۔