ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی)آج رات خیبرپختونخوا ، کشمیر، پنجاب اور گلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں / گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے ۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش / ژالہ باری ہو سکتی ہے۔جبکہ شمال مشرقی بلوچستان ، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز موسم کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، صوابی اور چارسدہ میں اکژ مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ( بلند پہاڑوں پر برفباری ) کی توقع ہے۔
پنجاب کے دیگر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، قصور اور بھکر اکثرمقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی اضلاع میں چند مقامات پر تیز بارش / ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
آج شدید/موسلادھار بارشوں کے باعث کشمیر ، بالائی خیبرپختونخوا ، مری گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں (ہِل ٹورنٹس) اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث اس دوران کمزور ڈھانچوں (بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ ژالہ باری اور آندھی کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کھیلوں کے اہم ایونٹ میں مسلسل ناکامی پربڑا استعفیٰ آ گیا