’’نورِ سحر ‘‘میں بصیرت افروز علمی نشست’’حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے حسن و جمال اور سیرتِ طیبہ‘‘ کا اہتمام

 اگر دنیا کی تمام کتبِ سیرت مٹ بھی جائیں، تب بھی قرآن ہی سیرتِ نبوی ﷺ کا کامل آئینہ ہے:جسٹس (ر) نذیر احمد غازی 

Sep 02, 2025 | 12:15:PM
’’نورِ سحر ‘‘میں بصیرت افروز علمی نشست’’حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے حسن و جمال اور سیرتِ طیبہ‘‘ کا اہتمام
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)معروف دینی ٹی وی پروگرام "نورِ سحر" میں ایک روح پرور اور بصیرت افروز علمی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں ممتاز اسلامی اسکالرز اور محققین نے شرکت کی، نشست کا موضوع سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے حسن و جمال اور سیرتِ طیبہ تھا۔

میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ قرآنِ کریم نے نبی کریم ﷺ کی سیرت کو اس قدر جامع اور مکمل انداز میں بیان کیا ہے کہ اگر دنیا کی تمام کتبِ سیرت مٹ بھی جائیں، تب بھی قرآن ہی سیرتِ نبوی ﷺ کا کامل آئینہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے حسن و جمال کو مکمل طور پر بیان کرنا انسانی عقل و فہم سے بالا تر ہے، اس حسن کو وہی ہستیاں مکمل طور پر پہچان سکتی ہیں جنہوں نے شبِ معراج میں آپ ﷺ کے پیچھے نماز ادا کی یا جنہوں نے براہِ راست دیدارِ مصطفیٰ ﷺ کا شرف حاصل کیا۔

اسلامی اسکالر پروفیسر عائشہ ابوبکر نے کہا کہ  جو شخص رسول اللہ ﷺ کے شمائلِ مبارکہ کو بیان کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کی محبت کو مخلوق کے دلوں میں راسخ کر دیتا ہے۔ حسن کی دو اقسام ہیں: 'مَلیح' اور 'صَبیح'۔ حضرت یوسف علیہ السلام کا حسن صبیح تھا جبکہ ہمارے آقا ﷺ کا حسن ملیح تھا، جو دلوں کو بے اختیار کر دینے والا حسن ہے۔

انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا مشہور قول بھی نقل کیا"اگر مصر کی عورتیں میرے محبوب ﷺ کو دیکھتیں تو اپنے کلیجوں پر چھریاں چلا لیتیں۔

مولانا امیر حمزہ نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ  نبی کریم ﷺ کا چہرہ چودہویں کے چاند کی مانند روشن تھا، اور سینہ مبارک چاندی کی طرح چمکتا تھا، آپ ﷺ کے موئے مبارک، ہاتھِ مبارک اور دیگر جسمانی اوصاف میں بھی نورانیت جھلکتی تھی۔

احسن اویس  مصطفوی نے کہا کہ  صحابہ کرامؓ رسول اللہ ﷺ کے چہرہ انور کو بے ساختہ تکتے رہتے اور ان کے دل عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے لبریز ہوتے، بعض صحابہ نے تو حضور ﷺ کی داڑھی مبارکہ کے سفید بالوں کی گنتی تک یاد رکھی تھی۔

انہوں نے صحیح بخاری کی احادیث کی روشنی میں رسول اللہ ﷺ کے جمالِ مبارک اور صحابہ کرامؓ کی محبت کا والہانہ تذکرہ بھی پیش کیا۔