پاکستان نیوی کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پٹرول جیٹ ایئر کرافٹ شامل

Sep 02, 2021 | 20:21:PM
پاکستان نیوی کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پٹرول جیٹ ایئر کرافٹ شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلاجدید میری ٹائم پٹرول جیٹ ایئر کرافٹ شامل کرلیا گیاہے، نیول چیف نے کہاہے کہ پاک بحریہ محفوظ بحری ماحول اورملکی بحری سرحدوں کی حفاظت کےلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پیٹرول جیٹ ایئر کرافٹ کی شمولیت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، تقریب میں پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں پہلا جدید میری ٹائم پٹرول جیٹ ایئرکرافٹ شامل کرلیا گیا۔اس موقع پرامیرالبحرایڈمرل محمدامجدخان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ حربی آلات کوجدید تر بنانے کے لیے پر عزم ہے، پاک بحریہ محفوظ بحری ماحول اورملکی بحری سرحدوں کی حفاظت کےلیے تیار ہے۔

ترجمان نے کہا کہ شامل کیا گیاجہاز برازیل کا تیار کردہ دہرے انجن والا ایمبریئرجیٹ ایئرکرافٹ ہے، اس نوع کے جہازدنیا بھرمیں فضائی آپریشنز کےلیے استعمال کئے جا رہے ہیں ، پاک بحریہ مستقبل میں اس نوع کے مزید2 جہاز فضائی بیڑے میں شامل کرے گی۔تقریب کے آغاز سے قبل نیول چیف نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔بعد ازاں ، چیف آف دی نیول اسٹاف نے پرانی طرز کے جہازوںسے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول آپریشنز تک پاک بحریہ کے فضائی بیڑے کی قابل قدر ترقی کو سراہا۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ پاک بحریہ موجودہ چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہے اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور ردعمل دینے کے لیے اپنے عسکری اثاثوں میں جدت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ایک ذمہ دار بحری قوم کی حیثیت سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کی حکومتی پالیسی کے تحت پاک بحریہ اپنامو¿ثر کردار ادا کر رہی ہے۔ امیر البحر نے خطے میں سازگار سمندری ماحول کو یقینی بناتے ہوئے اپنی بحر ی سرحدوں کے دفاع کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے نئے جہاز کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ اس جدید طیارے کی شمولیت سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔تقریب کے اختتام پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے طیارے کی دستاویزات متعلقہ اسکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کیں۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ ا فسران اور سی پی اوز/سیلرز نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: افغان سول ایوی ایشن کا کل سے اندرون ملک پروازیں شروع کرنے کا اعلان