پی پی 52 سمبڑیال ضمنی الیکشن،حنا ارشد وڑائچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

Jun 02, 2025 | 13:18:PM
پی پی 52 سمبڑیال ضمنی الیکشن،حنا ارشد وڑائچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی الیکشن 2025 میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے میدان مار لیا، ریٹرننگ افسر نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوارحنا ارشد وڑائچ نے 78 ہزار 702 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی،جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39 ہزار 18 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6 ہزار 832 ووٹ حاصل کر سکے۔

اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد شفاقت نے 4 ہزار 851 ووٹ حاصل کئے۔

واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

لیگی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد کے نام کر دیا، جیت پر حنا ارشد وڑائچ کے گھر پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی قیادت کےحالیہ اشتعال انگیز بیانات ، پاکستان کا سخت ردعمل بھی سامنے آ گیا

دوسری جانب پی ٹی آئی کے امیدوار نے پی پی 52 ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

رہنما پی ٹی آئی فاخر نشاط نے کہا ہے کہ پولنگ مکمل ہونے سے پہلے ہی فارم 45 بنا لئے گئے، اس بار طریقہ واردات بدل دیا گیا اور فارم 45 اپنی مرضی کے بنائے گئے، دھاندلی کے یہ نتائج ہم تسلیم نہیں کریں گے، ہم قیادت کے ساتھ بیٹھ کر اگلا لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔

دریں اثناء الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور یقین دہانی کرائی ہے کہ شواہد لانے پر صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پی پی 52 سیالکوٹ ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے، صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پی پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف اپنے الزامات کو ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد کے ساتھ الیکشن کمیشن میں شکایت درج کریں۔

 صوبائی الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن تمام شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انتظامیہ کی جانب سے مختلف پولنگ اسٹیشنز بند کرنے کی خبروں کو "سراسر جھوٹ" قرار دیا اور کہا کہ پی پی 52 سیالکوٹ کے تمام 185 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ پرامن طریقے سے ہوئی۔