برطانیہ میں شدیدگرمی،جون 142 سال کے دوران  دوسرا گرم ترین مہینہ قرار

Jul 02, 2026 | 10:53:AM
برطانیہ میں شدیدگرمی،جون 142 سال کے دوران  دوسرا گرم ترین مہینہ قرار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)برطانیہ میں جون 2026 کوگزشتہ 142 برس کے دوران دوسرا گرم ترین جون کا مہینہ قراردے دیاگیا۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق 1884 سے محفوظ موسمیاتی ریکارڈ کے بعد پہلی بار جون 2026 کو ملکی تاریخ کے گرم ترین مہینوں میں شمار کیا گیا ہے، اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ اور ویلز میں یہ جون 1884 کے بعد دوسرا گرم ترین جون ثابت ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال اوسط درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہا جو موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے مسلسل بڑھتے ہوئے اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق صرف دن ہی نہیں بلکہ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی گرمی ریکارڈ کی گئی ہے، برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں جون کے دوران رات کے درجہ حرارت میں بھی نئے ریکارڈ قائم ہوئے، جس کے باعث شہریوں کو شدید حبس اور گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے علاقے سرے کے قصبے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جو جون کے مہینے کے لیے نیا ریکارڈ ہے، اس سے قبل جون 1976 میں 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مون سون کا طوفانی اسپیل ،9 افراد جاں بحق ، آج بھی بادل برسیں گے
ماہرین موسمیات کے مطابق یورپ بھر میں جاری ہیٹ ویو کے اثرات برطانیہ میں بھی واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید گرمی کی لہریں پہلے کے مقابلے میں زیادہ  شدت کے ساتھ سامنے آرہی ہیں، حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔