سویلینزکا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ،سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا

Aug 02, 2023 | 13:12:PM
سویلینزکا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ،سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(امانت گشکوری)عام شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل چلانے سے متعلق فل کورٹ بنانے کی استدعا کیس سپریم کورٹ نے مسترد کر دی۔

چیف جسٹس پاکستان جستس عمر عطا بندیال نے سویلینزکے فوجی عدالتوں میں ٹرائل چلانے کے خلاف فل کورٹ بنانے کی درخواست پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

سپریم کورٹ، سویلینزکے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ نے کی، بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی شامل ہیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے اٹارنی جنرل منصورعثمان سے استفسار کیا کہ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ جس پر اٹٓرنی جنرل نے کہا گزشتہ روز فیصل صدیقی کی درخواست سنی گئی، جہاں تک اس کیس کا تعلق ہے تمام تر یقین دہانیاں کرائی جا چکی ہیں، زیر حراست تمام افراد کو سہولیات دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ زیر حراست افراد کو ان کے اہلخانہ سے ملنے اور وکیل کرنے کی اجازت ہے، زیرحراست افراد کو فیئر ٹرائل کا حق دیا جا رہا ہے۔منصور عثمان نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی کے واقعات میں کسی کا جرم عمر قید یا سزائے موت کی نوعیت کا نہیں ہے، کل لطیف کھوسہ نے کہا ایک شخص کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے اپنے سامنے پیش ہونے سے منع کیا، کھوسہ صاحب نے کہا کہ گرفتارملزمان کے ساتھ تضحیک آمیز  رویہ رکھا گیا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا گرفتار 102 افراد میں سے کسی کے مجسٹریٹ کےسامنے پیش ہونے پر ایسا واقعہ نہیں ہوا، ہر شخص کی عزت نفس اور وقار کا خیال رکھا جا رہا ہے، یقین دہانی کراتا ہوں کہ گرفتار 102 افراد میں سے کسی کےساتھ کوئی برا سلوک نہیں کیا گیا، اگر کسی گرفتارشخص کے ساتھ کوئی غیر منصفانہ سلوک کیا گیا تو فوری ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ متعدد درخواست گزاروں نے فل کورٹ بنانے کی حمایت نہیں کی، یہ صوابدید عدالت کی ہے کہ فل کورٹ بنائے یا نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ہم نے آپس میں مشاورت کر لی ہے، فیصل صدیقی صاحب آپ ایک قابل وکیل ہیں، آپ کی عزت کرتے ہیں اس لیے فل کورٹ کی درخواست سنی لیکن عدالت اس طرح سے کیس کے درمیان درخواستیں نہیں سنتی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے سویلینزکے فوجی عدالتوں میں ٹرائل چلانے کے خلاف کیس میں فل کورٹ بنانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فل کورٹ ستمبر تک دستیاب نہیں ہے، عدالتی چھٹیاں بھی چل رہی ہیں، تمام ججز کی نجی مصروفیات بھی ہیں جو اس کیس کی وجہ سے معطل ہیں، دو مواقعوں پر پہلے دیگر بینچز معطل کر کے فل کورٹ بنائی۔

جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا ہم اللہ کو جوابدہ ہیں اس لیے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، کسی کو پسند آئے یا نہیں، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے، ہمارا کام ٹھیک ہے یا غلط اس کا فیصلہ وقت اور تاریخ کرے گی۔