ایک اورہنسانے والارلاگیا،سینئرفنکار انور علی انتقال کر گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(زین مدنی )ایک اورہنسانے والارلاگیا، تھیٹر،ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار انور علی انتقال کر گئے۔
71 سالہ انورعلی کاشمارتھیٹرکے سینئرفنکاروں میں ہوتاتھا،اپنے منفرد انداز اور بے مثال طنز و مزاح سے انہوں نے لاکھوں لوگوں کے دل جیتے،ان کانام کسی بھی ڈرامے کی کامیابی کی ضمانت سمجھاجاتاتھا۔

1951 میں پیداہونےوالے انورعلی نے فنی کیریئرکاآغازلاہورکے اوپن ایئرتھیٹرسے کیاتھاجس کاشمارپاکستان کے سب سے قدیم تھیٹرزمیں ہوتاہے،یہ وہ تھیٹرہے جہاں پر تقسیم سے پہلے بھی ڈرامے ہواکرتے تھے۔

انورعلی نے اگرچہ ٹی وی،فلم اورتھیٹر پر کام کیالیکن ان کی سب سے زیادہ خدمات تھیٹرکے لئے ہیں،لاہور آرٹس کونسل میں انہوں نے نصف صدی کے قریب کام کیا،ان کے مشہورٹی وی ڈراموں میں سوناچاندی،جنجال پورہ،اندھیراجالا،پنجابی کہانیاں سورج کے ساتھ اورابابیل شامل ہیں،ڈرامہ سیریل’’ابابیل‘‘میں ان کا’’ماماسپیکنگ‘‘ کاکرداربہت مشہورہواتھا۔

انورعلی کے مقبول تھیٹرڈراموں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں پیسہ بولتاہے،نظام سقہ،جہیز،نولفٹ،دکھ سکھ،ہائی جمپ،گیسٹ ہائوس اورانارکلی جیسے ڈرامے شامل ہیں،انہوں نے موجودہ تھیٹرکے پھکڑپن سے بیزارہوکر2017 میں تھیٹرچھوڑدیاتھااورشوبزسے کنارہ کش ہوگئے تھے۔

انورعلی ایک عرصہ سے پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے،وہ کئی روزتک اتفاق ہسپتال لاہور میں زیرعلاج رہنے کے بعد ڈسچارج ہوکرگھرگئے تھے کہ کل پھر طبیعت خراب ہوگئی جس پرانہیں رائیونڈ روڈ کےایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنی آخری سانسیں لیں۔
یہ بھی پڑھیں:بشریٰ انصاری سے متعلق بیان :روبی انعم نےایک بار پھر معافی مانگ لی
ان کی نماز جنازہ کل بروزمنگل ظہرکے وقت ماڈل ٹائون لنک روڈلاہور کی مسجدمیں اداکی جائے گی، شوبزسے وابستہ افراد کی جانب سے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہارکیاجارہاہے۔