مزدوروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین میں درج ہے،وزیراعظم کا عالمی دن پر پیغام

May 01, 2025 | 00:10:AM
  مزدوروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین میں درج ہے،وزیراعظم کا عالمی دن پر پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے ایک  پیغام میں کہا ہےکہ آج، جب پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم مزدوراں منایا جا رہا ہے، پاکستان اپنے محنت کشوں کے لیے روزگار کے حصول کے دوران محفوظ، صحت مند، اور باوقار حالات کو فروغ دینے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے - ہماری محنت کش افرادی قوت، ہماری قوم کی ترقی اور حالات سے نمٹنے کی ہماری استعداد کے پیچھے اصل محرک ہے۔

 مزدوروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین میں درج ہے اور یہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (ILO) کے بنیادی کنونشنز کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، جس کا پاکستان بطور ایک ذمہ دار دستخط کنندہ ملک ہے۔ 

 ان نظریات کی پیروی میں، پاکستان نے مزدوروں اور افرادی قوت کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی ہیں۔  پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران حفاظت اور صحت سے متعلق نئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے ہم نے کلیدی بین الاقوامی لیبر کنونشنز بشمول جبری مزدوری کنونشن اور میری ٹائم لیبر کنونشن کے 2014 کے پروٹوکول کی توثیق کی ہے۔ 

 پہلی بار، پاکستان میں ہر مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سے مستفید ہو رہا ہے، جو پورے ملک میں روزگار کے حصول  کے ماحول کو محفوظ اور صحت مند جگہوں میں تبدیل کرنے کو یقینی بنا رہا ہے۔

 ہماری حکومت نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (EOBI) اور ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) جیسے اداروں میں شمولیت کو وسیع اور انہیں مؤثر بنانے کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہمارے مزدوروں کے تحفظ کے ثمرات افرادی قوت کے تمام طبقات میں زیادہ مساوی طور پر تقسیم کیے جائیں۔

 ڈیجیٹائزیشن اور لیبر لا ریفارمز کے ذریعے، ہم ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں جہاں ہر مزدور کو باوقار اور محفوظ روزگار تک رسائی حاصل ہو۔  اس کے ساتھ ساتھ، ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی ترقی کے اقدامات، خاص طور پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹیز (TEVTAs) کے ذریعے، ترجیحی بنیادوں پر نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

 اس اہم دن پر، میں مزدوروں، کارکنوں، سول سوسائٹی اور حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں جو مزدوروں کا احترام کرے، ان کے حقوق کو برقرار رکھے اور سب کے لیے باوقار روزگار کے حصول کے مواقع پیدا کرے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو   89  رنز سے شکست دے دی