آسکر ایوارڈز کی تقریب کب ہوگی؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)دنیا کے معتبر ترین فلمی ایوارڈز 'آسکر' کی تقریب امریکا کے مقامی وقت کے مطابق لاس اینجلس میں شام 7 بجے منعقد ہوگی۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' (اے پی) کے مطابق رواں سال جنوری میں لاس اینجلس میں لگنے والی بدترین آگ کے باعث آسکر ایوارڈز کی تقریب منسوخ ہونے کا خدشہ تھا، تاہم اب تقریب اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوگی۔
کئی شوبز شخصیات نے منتظمین سے مطالبہ کیا تھا کہ لاس اینجلس میں آگ کی وجہ سے تقریب کو منسوخ کیا جائے، جبکہ انتظامیہ نے نامزدگیوں کے اعلان میں دو بار تاخیر بھی کی تھی، لیکن آخرکار تقریب کو منسوخ نہیں کیا گیا۔
آسکر ایوارڈز کی 97ویں تقریب لاس اینجلس کے تاریخی ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوگی، جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ تقریب ہوتی آ رہی ہے۔
اس بار تقریب کو پہلی مرتبہ کئی اسٹریمنگ ویب سائٹس، اے بی سی ٹی وی، اور یوٹیوب پر بھی براہ راست نشر کیا جائے گا۔
آسکر ایوارڈز کی تقریب امریکا کے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شام 7 بجے شروع ہوگی، جبکہ پاکستان کے وقت کے مطابق یہ تقریب پیر کی صبح 5 بجے شروع ہوگی۔
آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان جنوری میں کیا گیا تھا، اور میکسیکو کی نیٹ فلکس فلم 'ایملیا پیریز' نے مجموعی طور پر 13 نامزدگیاں حاصل کیں۔
اسی فلم میں ٹرانس جینڈر کردار ادا کرنے والی اداکارہ کرلا صوفیہ گسکون بہترین اداکارہ کے لیے نامزد ہوئیں، اور وہ پہلی ٹرانس جینڈر اداکارہ بن گئیں جنہیں اس کیٹیگری میں نامزد کیا گیا۔
فلمیں 'دی بروٹلسٹ'، 'وکڈ' اور 'دی سبسٹینس' نے بھی بالترتیب 10 نامزدگیاں حاصل کیں۔ بہترین فلم کے لیے 10 فلموں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جبکہ بہترین ہدایت کار کے لیے 5 ڈائریکٹرز مدِ مقابل ہوں گے۔
بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں سنتھیا ایریوو، کرلا صوفیہ، مکی میڈیسن، فرنانڈا ٹورس اور ڈیمی مور کا مقابلہ ہوگا، جبکہ بہترین اداکار کی دوڑ میں ایڈرین بروڈی، ٹموتھی چالمیٹ، کالمن ڈومنگو، رالف فینس، اور سیبسٹن اسٹان شامل ہیں۔