پاکستان میں2021کا شاندار استقبال،آتشبازی، آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا

Jan 01, 2021 | 09:35:AM
پاکستان میں2021کا شاندار استقبال،آتشبازی، آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)گڈبائے2020۔۔ ویلکم 2021۔۔ جو بیت گیا اسے بھول جائیں۔ نئے سال میں نئے عزم سے جائیں۔24 نیوز کی جانب سے اہل وطن کو نئے سال کی ڈھیر ساری مبارکباد اور نیک تمنائیں۔

دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی نئے سال2021کی آمد پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ، پاکستان میں رات کے بارہ بجتے ہی کراچی،لاہور،اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور خوب ہلہ گلہ کیا ۔لاہور ،کراچی کے کئی مقامات پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔آسمان رنگ و نور سے نہا گیا۔شہریوں نے سحرانگیز لمحات کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلئے۔کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ  کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

سال نو کے  موقع پر کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد نے نئے سال کا جشن منانے  کیلئے ساحل سمندر کا رخ کرلیا جبکہ سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت روکنے  کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔شہر قائد میں پولیس کے اقدامات کے باوجود ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، گلستان جوہر، گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ، ڈالمیا، ملیر ، کلفٹن ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، صدر، ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

ادھر ملتان میں سال نو کا جشن منانے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے کینٹ بازار  کا رخ کیا۔ پولیس ، ڈولفن فورس کی جانب سے شہریوں کو ہٹانے کی کوشش کی گئی، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس نے متعدد شہریوں کو گرفتار بھی کیا۔

سیاحوں کی بڑی تعداد نئے سال کی آمد مری پہنچ گئی۔20 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہونے سے  ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ دوران ڈرائیو نگ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں،ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔