بڑھتی آبادی پر قابو پانے کیلئے مریم اورنگزیب نے صوبوں کو بڑی تجویز دے دی

Dec 01, 2022 | 14:09:PM
بڑھتی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے صوبوں کے لئے بڑی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے صوبے الگ وزارتیں قائم کریں
کیپشن: وزیرا طلاعات مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) بڑھتی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے صوبوں کے لئے بڑی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے صوبے الگ وزارتیں قائم کریں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاپولیشن کونسل کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کیا ہے، نیشنل ٹاسک فورس میں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رواں برس دنیا کی آبادی 8 ارب اور پاکستان کی 23 کروڑ ہوگئی ہے، 75 سال میں پاکستان کی آبادی 3 کروڑ سے 23 کروڑ ہوگئی، 2030ء میں پاکستان کی آبادی 26 کروڑ 30 لاکھ اور 2050ء میں 33 کروڑ 80 لاکھ ہونے کا امکان ہے، آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے۔

وزیرا طلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی طرح بڑھتی آبادی بھی خطرے کی گھنٹی ہے، آبادی بڑھتی ہے تو تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل صوبوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان کی آبادی 2 فیصد سالانہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے، ان مسائل سے نمٹنے کے لئے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنا ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قومی اہمیت کے ان مسائل پر قومی بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے، بیانیے کی تشکیل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا چاہئے، حکومتی سطح پر ایسے مسائل پر کھل کر بحث ہونی چاہئے، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، سیلاب جیسی قدرتی آفت کے نتیجے میں قوم نے حال ہی بڑی تباہی کا سامنا کیا، تباہ کن سیلاب کے باعث پاکستان میں بچے اور خواتین شدید متاثر ہوئے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بڑھتی آبادی کے حوالے سے ڈیجیٹل میڈیا پر آگاہی پیدا کرنے اور بیانیہ کی تشکیل میں پاپولیشن کونسل کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ماضی میں پارلیمنٹ میں منعقدہ قومی کانفرنس کے منظور کردہ اعلامیہ میں اہداف کا واضح تعین ہوا تھا، کانفرنس کے اعلامیہ پر صوبوں کے دستخط بھی ہیں، ان اہداف اور تجویز کردہ اقدامات کی بحالی کی ضرورت ہے، اس طرح ہم پالیسی سازی، قانون سازی اور بیانیہ کی تشکیل کے ساتھ مطلوبہ اہداف حاصل کرسکتے ہیں، ماضی میں محکمہ منصوبہ بندی نے بہت اچھا کام کیا، عوام کو اس مسئلے سے آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔