ایم کیو ایم اپنی سیاست زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، شرجیل میمن

May 31, 2026 | 13:15:PM
ایم کیو ایم اپنی سیاست زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، شرجیل میمن
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بے بنیاد الزامات اور پرانی فرسودہ کہانیوں کے سہارے اپنی سیاست زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں، الزامات اور بحران پیدا کرنے کے گرد گھومتی رہی ہے، آج بھی وہی پرانا طرزِ عمل دہرایا جا رہا ہے، صوبائی خود مختاری، آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو سب سے زیادہ ایم کیو ایم نے متنازع بنانے کی کوشش کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق ہیں جنہیں کسی پروپیگنڈے سے جھٹلایا نہیں جا سکتا، ییلو لائن، شاہراہ بھٹو اور دیگر منصوبے ثبوت ہیں کہ سندھ حکومت عملی کام پر یقین رکھتی ہے، کسی بھی عوامی مقام کے حوالے سے اگر کوئی قانونی یا انتظامی مسئلہ ہے تو اس کا حل عدالتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے ہونا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ میں سولر پینلزاورکھاد پر ٹیکس نہ بڑھانے کا حتمی فیصلہ
سینئرصوبائی وزیر نےمزید کہا کہ افسوس ہے جو عناصر برسوں اپنی ناکام انتظامیہ اور مفاداتی سیاست کے ذریعے شہر کے مسائل بڑھاتے رہے، آج دوبارہ خود کو نجات دہندہ بنا کر پیش کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو نہ صرف اختیارات دیے بلکہ مالی وسائل اور قانونی سپورٹ بھی فراہم کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا معاشی مرکز ہے، جو عناصر ترقی کے ہر قدم پر تنقید کو اپنا سیاسی ہتھیار بناتے ہیں وہ دراصل خود اپنے سیاسی زوال کا اعتراف کر رہے ہوتے ہیں۔