’’مارننگ وِد فضا‘‘ میں ایجنٹوں اور انسانی اسمگلنگ کے خفیہ جال کا پردہ فاش
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک ) ڈنکی لگا کر یورپ جانے اور یورو کمانے کا خواب یا ہولناک دھوکہ 24 نیوز کے پروگرام ’’مارننگ وِد فضا‘‘ میں ایجنٹوں اورانسانی اسمگلنگ کے خفیہ جال کا پردہ فاش کیا گیا ۔
بیرسٹر امرت شیخ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایجنسیوں کے چٹکیوں میں خواب پورا کرنے کے دعوے اکثر ایک بھیانک حقیقت کا پیش خیمہ بن جاتے ہیں۔ کل دنیا بھر میں "ہیومن ٹریفکنگ" کا عالمی دن منایا گیا، جس موقع پر ماہر قانون بیرسٹر امرت شیخ نے ایک لرزہ خیز حقیقی واقعہ سنا کر سب کو جھنجھوڑ دیا۔ واقعہ ایک نوجوان شیف سے متعلق ہے جو یورپ میں نوکری کے خواب لیے غیر قانونی طریقے سے جرمنی پہنچنے کی کوشش میں جان کی بازی ہار بیٹھا۔ نہ لاش ملی، نہ کوئی اتا پتا ، صرف پسماندگان کے لیے دردناک یادیں رہ گئیں ۔ بیرسٹر امرت شیخ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام اور فیس بک پر آئے روز اشتہارات گردش کرتے ہیں جن میں چند لاکھ روپے میں جرمنی، اٹلی یا برطانیہ پہنچانے کا وعدہ کیا جاتا ہے۔ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش جیسے ترقی پذیر ممالک کے نوجوان ان جھانسوں کا آسان شکار بن جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ انسانی اسمگلنگ اور ہیومن ٹریفکنگ دو مختلف جرائم ہیں، جنہیں پاکستان میں "اگینسٹ پرسن ایکٹ 2018" کے تحت سخت سزاؤں کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔بیرسٹر امرت شیخ کے مطابق اگر کسی شخص کو بیرون ملک بھیک مانگتے ہوئے پکڑا جائے تو نہ صرف اس کا بلکہ اس کے پورے خاندان کا ویزا بلاک کر دیا جاتا ہے۔ ترکی کے راستے یورپ جانے والے افراد میں ایک پاکستانی خاندان بھی شامل تھا، جس کے مرد کو تو یورپ پہنچا دیا گیا، لیکن اس کی ماں اور دو بیٹیوں کو وعدے کے باوجود پیچھے روک کر جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔ بیرسٹر امرت شیخ نے کہا کہ یہ صرف وہ چند واقعات ہیں جو رپورٹ ہو چکے ہیں۔ حقیقت میں ایسے سینکڑوں کیسز ہیں جن کی خبر آج تک منظرِ عام پر نہیں آ سکی۔ عوام کو چاہیے کہ وہ فیس بک یا انسٹاگرام پر نظر آنے والے ان مبینہ "فوری ویزا پلانز" سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی قدم سے پہلے قانونی مشاورت ضرور حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی اسمبلی: ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشال یوسفزئی سینٹر منتخب