3 ستمبر تک شدیدبارش کی پیشگوئی،سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان،الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی )نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نےاسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم تا 3 ستمبر تک ممکنہ شدید موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متوقع مزید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم تا 3 ستمبر تک ممکنہ شدید موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جب کہ مزید بارشو ں سے شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔
مری،راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ اورمیانوالی میں بھی موسلادھار بارشوں کے نتجے میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارشیں اور سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
بالائی علاقوں میں ممکنہ شدید بارشوں اور دریاؤں میں تیز بہاؤکے باعث مرالہ ہیڈ ورکس پر سیلابی ریلوں اور بہاؤ میں شدید اضافے کا امکان ہے۔
سیلابی صورتحال اور ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے،ندی نالوں میں اچانک بہاؤ میں اضافی متوقع ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہائشی الرٹ رہیں،غیر ضروری سفر سے گریز کریں،عوام اور متعلقہ ادارے حفاظتی اقدامات کریں، نشیبی و خطرے سے دوچارعلاقوں سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری کی ہدایت جاری کردی، تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں،مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد سکولوں کے نئے اوقات کار جاری