پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی اور ناقابل تنسیخ حقوق کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے،اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم بین الاقوامی یکجہتی فلسطینی عوام کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے وقار، آزادی اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، فلسطین میں انسانی مصائب کی غیر معمولی شدت پر عالمی برادری فوری اور مؤثر ردعمل دے۔
نائب وزیراعظم کا کہناتھا کہ غزہ میں اسرائیل کے بلا تفریق مظالم انسانی جانوں اور عالمی ضمیر کے لیے قبرستان بن گئے، دو ریاستی حل اور غزہ امن منصوبہ تشدد کے تسلسل کو روکنے اور پائیدار امن کے حصول کا موقع فراہم کرتے ہیں، اسرائیل کو فوری طور پر انسانی امداد تک رسائی، افواج کی مکمل واپسی اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کی اجازت دینی ہوگی، مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی توسیع فلسطینی علاقوں کی یکجہتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان فلسطینی مسئلے کے منصفانہ، دیرپا اور جامع حل کے لیے پرعزم ہے، پاکستان فلسطین کے پر امن حل جس کی دارلحکومت القدس الشریف ابدی ہو کی حمایت کرتا ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ آزادی، وقار اور خود ارادیت کے حق کی جدوجہد میں یکجہتی میں کھڑا ہے۔