آبی وسائل کو کبھی بھی سیاسی یا تزویراتی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے؛ اسحاق ڈار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آبی وسائل کو کبھی بھی سیاسی یا تزویراتی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ انہیں "سندھ طاس معاہدہ: علاقائی امن اور استحکام کا ایک ذریعہ" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سیمینار میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے آئے ہوئے ممتاز ماہرین نے جنوبی ایشیا کو درپیش اہم ترین چیلنجز میں سے ایک پر تفصیلی گفتگو کی۔
نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ مشترکہ آبی وسائل کو کبھی بھی سیاسی یا تزویراتی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ یہ مشترکہ پانی ممالک کے درمیان تعاون، مکالمے اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی بنیاد پر تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہونا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے جائز حقوق سے محروم کرنے کی کوئی بھی کوشش علاقائی امن اور سلامتی پر گہرے اور دور رس منفی اثرات مرتب کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کسی بھی کوشش سے جنوبی ایشیا کے تقریباً دو ارب عوام کے مشترکہ مفادات کو شدید نقصان پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور; کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 24نیوز سامنے لے آیا