بارش برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل

Jan 30, 2023 | 17:43:PM
بارش برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل
کیپشن: بادل چھائے ہوئے ہیں(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری،بارش برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگیا، لاہو رمیں رم جھم اور ٹھنڈی  ہوائیں چلیں تو موسم خوشگوار ہوگیا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری پھر شروع ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ دو روز تک جاری رہنےکا امکان ہے،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، آج رات اسلام آباد، خطۂ پوٹھو ہار، خیبر پختونخواہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب اورشمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے،پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، بالائی علاقوں میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

 ہٹیاں بالا، وادی کاغان، راولاکوٹ، ایوبیہ، نتھیا گلی،ٹھنڈیانی اور مری میں برفباری، لاہور اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،راولاکوٹ کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، معمولات زندگی متاثر ہو گئی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم خشک اور راتیں سرد رہنے کی بھی پیشگوئی کردی، منگل، بدھ اور جمعرات کو شہر قائدمیں معمول سے تیزہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ اگلے کئی روز تک سمندری ہوائیں غیرفعال جبکہ بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

 منگل کو کم سے کم پارہ 10 سے 12 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 28 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ آج شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں پھر بڑا اضافہ