ائیر سیال کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز

Mar 29, 2023 | 14:53:PM
ملک کی تیسری نجی ائیر لائن ائیر سیال کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز
کیپشن: یورپی ممالک میں پابندی ہٹنے کے بعد ائیر سیال لندن اور مانچسٹر کیلئے بھی آپریشن شروع کرے گی۔
سورس: ٹوئٹر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ثمر عباس) پاکستان کی ایک اور نجی شعبے کی ایئر لائن ایئر سیال نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کردیا۔

ائیر سیال کی افتتاحی پرواز لاہور ائیرپورٹ سے 160 مسافروں کو لیکر جدہ روانہ ہوئی۔

اس موقع پر چیئرمین ائیر سیال بورڈ آف ڈائریکٹرز، افسران اور سی اے اے حکام نے افتتاحی پرواز کے مسافروں کو رخصت کیا۔

افتتاحی تقریب میں قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے بھی شرکت کی۔

اس حوالے سے چیئرمین ائیر سیال فضل جیلا نی کا کہنا تھا کہ کامیاب ڈومیسٹک آپریشن کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ائیر سیال کی بڑی کامیابی ہے، پہلے مرحلے میں لاہور اور اسلام آباد سے جدہ کیلئے ہفتہ وار 8 پروازیں چلائی جائینگی جبکہ اگلے مرحلے میں کراچی، ملتان اور سیالکوٹ سے جدہ کیلئے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین ائیر سیال کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت یہ پروازیں ائیر بس 320 کے ذریعے چلائی جارہی ہیں، جلد فضائی بیڑے میں بڑے طیاروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یورپی ممالک میں پابندی ہٹنے کے بعد ائیر سیال لندن اور مانچسٹر کیلئے بھی آپریشن شروع کرے گی۔