لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہرو ں میں بارش بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید برفباری

Jan 29, 2023 | 18:14:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز  ) صوبائی دارلحکومت لاہو ر میں بارش اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید برف باری جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش جاری ہے ، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے ، کھابوں کے شوقین لاہوریوں نے  فوڈ پوائنٹس کا رخ کر لیا ہے ۔

باغوں کے شہر لاہور  کے علاقے  چونگی امر سدھو، ٹاون شپ ،  نشتر ٹاون اور کینٹ میں ہلکی بارش جاری ہےجبکہ ماڈل ٹاون ، گڑھی شاہو  اور بادامی باغ میں تیز بارش جاری ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے ، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت  20, کم سے کم 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان  ہے، آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے ، شہر میں 32 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے  ہوا چل رہی ہے ۔

 بلوچستان کی بات کی جائے تو  شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے بعد شہریوں کو مشکلات سے محفوظ رکھنے کیلئے  سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے ، 

پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ اور این ایچ اے کا عملہ اور مشنری شاہراہوں سے برف صاف کرنے میں مصروف ہے، خوجک ٹاپ زیارت موڑ مسلم باغ کان مہترزئی لک پاس اور زیارت میں شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام جاری  ہے،جبکہ ساتھ ساتھ نمک کا چھڑکاو بھی کیا جا رہا ہے ۔

ژوب ،چمن ، لورالائی اور زیارت روڈز پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے اور میڈیکل ایمرجنسی ریسکیو سینٹر  کا عمل مستعد  ہے ،  وزیر اعلٰی بلوچستان نے پی ڈی ایم اے ،ضلعی انتظامیہ اور این ایچ اے عملہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ برف باری کے زیر اثر علاقوں میں ہر طرح کی تیاری مکمل اور کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں۔

 لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے،فیصل آباد ، گجرات ،سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، وزیرآباد ،پاکپتن،کامونکے، سانگلہ ہل  اور مریدکے میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے ،  بارش کے باعث مختلف  شہروں میں فیڈر ٹرپ کر گئے ، جس کے باعث فیصل آباد، گوجرانوالہ  سمیت دیگر شہر اندھیرے میں  ڈوب گئے ۔