وزیراعظم، صدر مملکت سمیت سیاسی قیادت کی یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی قیادت نے یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں آج کے دن اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے دِل کی گہرائیوں سے پوری قوم، اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یومِ تکبیر کی مبارک دیتا ہوں،آج پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور مسلمان ممالک میں پہلی ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی علامت ہے،پاکستان کا ایٹمی کارنامہ قومی اتحاد اور عوامی عزم کا مظہر ہے،یوم تکبیر ہمیں علاقائی امن, انصاف اور برابری کے اصولوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی عظمت، خودداری اور دفاعی خودمختاری کا دن ہے،آج کے دن سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ سربلند ہوا،پاکستانی قوم نے دنیا کو دکھا دیا کہ وہ ہر قربانی کے لیے تیار ہے،اگر قوم متحد اور قیادت باہمت ہو، تو دنیا کی کوئی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔
انھوں ںے کہا کہ ایٹمی طاقت نے کشمیری عوام کو بھی ایک مضبوط اور پُراعتماد پشت پناہی دی،آج بھی پاکستان کی افواج دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے فولادی دیوار بنی ہوئی ہیں،بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور مسلسل جارحیت کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔
واضح رہے کہ مئی 1998 میں پوکھران میں بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے لئے چیلنج پیدا کردیا تھا۔ میرے قائد اور اُس وقت کے وزیراعظم جناب محمد نوازشریف نے پوری قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی ترجمانی کی، اقتصادی پابندیوں، دباﺅ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے، 1998 میں آج کے دن ، بھارت کے پانچ کے مقابلے میں چھ دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی ملک بنادیا تھا اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا. پاکستانی قوم ،ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک جنہوں نے اس پروگرام کو پایہء تکمیل تک پہنچایا انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی. بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی بلند ہونے والی صَدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے،اس مقصد کے لئے پورا پاکستان متحد تھا ، یہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلا جواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دوہرائی۔
آج کے یومِ عظیم پر میں، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والے جناب ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز ، افواج پاکستان اور قومی اداروں سمیت اس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ جوہری پروگرام کی تکمیل کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اور اپنے عزم وہمت کی قابل فخر داستان لکھی، مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے نیوکلیئر اثاثوں کی بھرپور حفاظت کی۔
یوم تکبیر، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے اُس عہد کاتسلسل ہے جس کے تحت پاکستان جیسی عظیم مملکت ِ خداداد وجودمیں آئی۔ قومی تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی عوام اور سیاسی قیادت نے اپنے آہنی ارادوں اور ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنی دلیری، شجاعت اور عسکری مہارت سے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔
زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اورسنگین ترین مشکلات کا سینہ چیر کر مقصد کو پالینے کا جذبہ ہی پاکستان کی اصل قوت ہے ، یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی وخودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دِن ہے ، آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک معاشی قوت اور اور دنیا میں پاکستان کو اُس کا حقیقی مقام دلائیں گے، انشاءاللہ