وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی کا طیارہ حادثہ سے بال بال بچ گیا، کولکتہ میں بحفاظت لینڈنگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا طیارہ جمعرات کو شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ایک گھنٹے سے زیادہ فضائی چکر لگانے کے بعد کولکتہ میں بحفاظت اتر گیا، خراب موسم کے دوران اس طویل تاخیر نے انتظامی اور سیاسی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی، تاہم وزیر اعلیٰ کی حفاظت یقینی بنائی گئی۔
روزانہ کے شیڈول کے مطابق، ممتا بنرجی نے دن میں مغربی بردھمان کے پانڈویشور میں ایک پروگرام اور جلسہ عام میں شرکت کی، جس کے بعد وہ کولکتہ کے لیے روانہ ہوئیں، طیارہ اندل ہوائی اڈے سے شام 3:39 بجے ٹیک آف ہوا اور معمول کے مطابق شام 4:25 بجے کولکتہ پہنچنے کا وقت مقرر تھا۔
لیکن جیسے ہی طیارہ کولکتہ کی فضائی حدود میں داخل ہوا، موسم اچانک خراب ہوگیا، آسمان تاریک ہو گیا اور شدید ژالہ باری اور تیز ہوائیں شروع ہو گئیں، ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے خطرناک حالات کے باعث فوری لینڈنگ کی اجازت نہیں دی، جس کے نتیجے میں طیارہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ہوا میں چکر لگاتا رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق طوفانی ہواؤں نے پولیس کی عارضی پناہ گاہیں اڑا دیں اور وی آئی پی سکیورٹی کے لیے رکھی گئی رکاوٹیں بھی ہل گئیں، وزیراعلیٰ کے قافلے کی گاڑیاں بھی طوفان کے زور سے ہل گئیں اور پورا ایئرپورٹ کمپلیکس لمحوں میں سنسان ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں:رجب بٹ اور ذوالقرنین سکندر کی لڑائی شدت اختیار کر گئی،الزامات کی بوچھاڑ
ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ابتدا میں شمال سے لینڈنگ کی کئی کوششیں کیں، لیکن بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ہر بار ناکام رہا، ایک موقع پر دیگر ہوائی اڈے کی طرف روانگی پر بھی غور کیا گیا، لیکن کافی ایندھن ہونے کی وجہ سے طیارے میں کوئی فوری خطرہ نہیں تھا۔
شام 4:49 بجے کے قریب موسم میں قدرے بہتری آئی، تاہم اولے گرنا جاری رہے، ماہرین کے مطابق ژالہ باری کے دوران لینڈنگ انتہائی خطرناک ہوتی ہے، اس لیے پائلٹ نے تھوڑا انتظار کیا اور بعد میں جنوب کی جانب راستہ بدل کر لینڈنگ کی کوشش کی، جہاں حالات نسبتاً بہتر تھے۔
آخرکار، طیارہ شام 5:18 بجے کولکتہ ہوائی اڈے پر بحفاظت اتر گیا، 5:30 بجے کے قریب وزیر اعلیٰ سخت سیکورٹی کے درمیان اپنی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہو گئیں۔