آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل، راجا ثاقب مجید اور بریگیڈیئر (ر) محمد خان مسلم لیگ ن میں شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات سے پہلے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما راجا ثاقب مجید اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد خان نے مسلم لیگ ن کا دامن تھام لیا ہے،دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق راجا ثاقب مجید مظفرآباد کے حلقہ پانچ کھاوڑہ سے تعلق رکھتے ہیں، یہ حلقہ سیاسی اعتبار سے اہم مانا جاتا ہے اور اس وقت اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ممبر اسمبلی ہیں، راجا ثاقب مجید نے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر 3انتخابات میں حصہ لیا، مگر کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔
حلقہ کھاوڑہ میں مسلم لیگ ن کے اہم رہنما راجا عبدالقیوم سابق وزیر حکومت رہ چکے ہیں اور ٹکٹ کے امیدوار ہیں، جبکہ سابق ٹکٹ ہولڈر راجہ ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت بھی میدان میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق راجا عبدالقیوم نے پارٹی کے سامنے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے ٹکٹ کے لیے اپنی درخواست رکھی ہے، جبکہ راجا ثاقب مجید الیکشن جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اگرچہ راجا ثاقب مجید مسلم لیگ ن میں شامل ہو چکے ہیں، مگر چوہدری لطیف اکبر کی مضبوط پوزیشن کی وجہ سے ان کے لیے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔
دوسری جانب بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد خان آزاد کشمیر کے حلقہ وسطی باغ سے تعلق رکھتے ہیں، یہاں مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما راجا مشتاق منہاس سابق ٹکٹ ہولڈر اور وزیر اطلاعات رہ چکے ہیں۔
2016 کے الیکشن میں مشتاق منہاس کامیاب ہوئے، مگر 2021 میں پی ٹی آئی کے سردار تنویر الیاس نے انہیں شکست دی، بعد ازاں ضمنی الیکشن میں ضیا القمر پیپلز پارٹی کے امیدوار نے مشتاق منہاس کو ہرا دیا۔
پریس کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام اور سینیئر لیگی قیادت بھی موجود تھی۔