نواز شریف نےریلیف نہیں دیا:شوکت یوسفزئی، PTI سبق سیکھنے کیلئے تیار نہیں:ثمر ہارون

Nov 26, 2025 | 23:54:PM
نواز شریف نےریلیف نہیں دیا:شوکت یوسفزئی، PTI سبق سیکھنے کیلئے تیار نہیں:ثمر ہارون
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ویسے تو ہم نے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا بس قومی اسمبلی کی دو سیٹوں سے الیکشن لڑا لیکن یہ بھی ہماری غلطی تھی ہمیں ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔

پروگرام ’’گونج مسعود رضا کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ نواز شریف معیشت کے ٹیک آف کے دعوے کر رہے ہیں لیکن یہ صرف معیشت کی بہتری کے دعوے ہی ہیں، اس سے عوام کو ریلیف نہیں ملا ۔آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ 5300 ارب کی کرپشن ہوئی ہے تو ان لوگوں کو سامنے لایا جائے، ہماری تو ساڑھے تین سال کی حکومت ہے، بس اس ملک میں سب سے زیادہ حکمرانی تو ان دو پارٹیوں نے کی ہے۔

پروگرام میں شامل پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما ثمر ہارون بلور نے کہا کہ تحریک انصاف نے اصل میں ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا ہری پور کی سیٹ پر تو عمر ایوب کی بیگم نے انتخاب لڑا اور باقی سیٹوں پر بھی ان کے لوگ الیکشن لڑ رہے تھے اور بانی کی تصویریں لگا لگا کر انتخابی مہم چلائی گئی اب ہار گئے تو بائیکاٹ ہے کی رٹ لگا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی تحریک انصاف ہے جو  2018 میں آرٹی ایس بٹھا کرحکومت میں آئی تھی، ماضی میں تمام سیاسی پارٹیوں سے غلطیاں ہوئی ہیں اور میثاق جمہوریت میں بہت سی غلطیاں سدھارنے کی کوشش کی گئی لیکن تحریک انصاف تو ابھی تک سبق سیکھنے کو تیار نہیں ہے۔

پروگرام میں شریک معروف صنعت کار مرزا اشتیاق بیگ نے کہا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت جا رہی تھی تو انہوں نے آئی ایم ایف کا معاہدہ توڑ دیا اور جب نئی حکومت آئی تو پھر بھی تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کو خط لکھے کہ معاہدہ نا کیا جائے جس سے ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ گیا تھا، آج ایسی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی کہ ملک ڈیفالٹ ہو رہا ہے، اور ہی وجہ ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کی معیشت کو بہت زیادہ مانیٹر کر رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی حکومت میں اپنے حریفوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا اور مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت پر جھوٹے مقدمے قائم کیے لیکن آج تحریک انصاف کے لوگوں پر کوئی سیاسی کیسز نہیں ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف تحریک انصاف کو متعدد دفعہ  میثاق معیشت کی دعوت دے چکے ہیں لیکن یہ لوگ بیٹھنے کو تیار نہیں اس وقت تحریک انصاف کو چاہیے کہ تحریک انصاف سیاسی دھارے میں واپس آئے اور ملک کے لیے کام کریں۔

یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات میں ووٹرز ٹرن آوٹ متعلق اعدادوشمار جاری