فائنل میں محمد عامر کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی: معین خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ فائنل میں محمد عامر کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی، وسیم جونیئر کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو شاندار جیت پر مبارکباد پیش کی اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر تبصرہ کیا۔
معین خان نے کہا کہ لاہور نے ایک بڑا ہدف حاصل کیا جو بڑی کامیابی ہے۔ سکندر رضا اور کوشال پریرا کی اننگز نے میچ کا پانسا پلٹا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی ہے کہ میچ کسی بھی وقت بدل سکتا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ نے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، خاص طور پر حسن نواز نے متاثر کن پرفارمنس دی۔ ’ہر کھلاڑی نے بھرپور محنت کی اور ہم آئندہ سیزن میں مزید بہتر واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دوران پرواز دروازہ کھولنے کی کوشش ، پھرکیا ہوا ؟ جانیے۔۔۔۔
معین خان نے تسلیم کیا کہ محمد عامر کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں رہی۔ پاکستان میں کوئی بھی محمد عامر سے زیادہ رنز کھانے کی توقع نہیں کرتا لیکن آج لاہور کے بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کی۔ عامر نے ہمیں کئی میچز جتوائے، لیکن بدقسمتی سے آج ایسا نہ ہو سکا۔
انہوں نے ٹیم میں وسیم جونیئر کی غیر موجودگی کو ایک اہم خلا قرار دیا۔ وسیم جونیئر سائڈ سٹرین کا شکار تھے، اس لیے وہ میچ کا حصہ نہیں بن سکے، ان کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔
سکندر رضا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے معین خان نے کہا کہ داد دینی پڑتی ہے کہ وہ اپنا ٹیسٹ میچ مکمل کر کے یہاں پہنچے، ان کا جذبہ اور پیشہ ورانہ رویہ قابلِ ستائش ہے۔
کوچ نے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے اور شائقین اور کھلاڑیوں کو دل چھوٹا نہیں کرنا چاہیے، بڑے کراؤڈ کا دباؤ ضرور ہوتا ہے، لیکن اگر آپ کھیل کو انجوائے کریں تو پرفارمنس پر زیادہ فرق نہیں پڑتا۔