عمران نذیر کا شاہد آفریدی سے متعلق بڑا انکشاف

Dec 26, 2022 | 16:19:PM
کرکٹر عمران نذیر نے انکشاف کیا ہے کہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے مالی طور پر ان کی مدد کی تھی۔
کیپشن: شاہد آفریدی،عمران نذیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) کرکٹر عمران نذیر نے انکشاف کیا ہے کہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے مالی طور پر ان کی مدد کی تھی۔

حال ہی میں میگا اسٹار لیگ میں عمران نذیر نے شاہد آفریدی کی جانب سے کی جانے والی مدد کا تذکرہ کیا جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ عمران نذیر نے کہا کہ 'شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ میری بہت سی دعائیں ہیں کیونکہ میری جب انجری ہوئی تھی تو اس کا آخری آپریشن بہت مہنگا ہونا تھا اور وہ شاہد آفریدی نے کروایا تھا'۔

ویڈیو میں قومی کرکٹر نے شاہد آفریدی کا شکریہ بھی ادا کیا جس پر تقریب کی میزبانی کرتے اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ 'اس میں شاہد آفریدی کا کمال ضرور ہے لیکن اس سے بڑھ کر ان کے والدین کا کمال ہے جنہوں نے ان کو ایسی تربیت دی'۔ عدنان صدیقی نے کہا 'شاہد اکثر کہتے ہیں کہ زندگی کی ایک اننگز تو کھیل لی اب ایک نہ ختم ہونے والی اننگز ہے جو کہ انسانیت کی خدمت ہے، چاہے وہ اسپتال بنانا ہو یا کسی کھلاڑی کی مدد ہو'۔

عمران نذیر کی جانب سے مالی مدد کے انکشاف پر عدنان صدیقی نے شاہد آفریدی کی تعریف کی جس پر سابق کپتان آبدیدہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل عمران نذیر نے تصدیق کی تھی کہ انہیں مرکری (زہر) پلادی گئی تھی جس سے ان کے جسم کے تقریباً تمام جوڑ ناکارہ ہوگئے تھے۔