حکومت کی 3 سالہ کارکردگی عوام کو دوربین لگا کر بھی نظر نہیں آرہی: بلاول بھٹو زرداری

Aug 26, 2021 | 19:58:PM
حکومت کی 3 سالہ کارکردگی عوام کو دوربین لگا کر بھی نظر نہیں آرہی: بلاول بھٹو زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 3 سالہ حکومتی کارکردگی کے حوالے سے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کی تین سالہ کارکردگی یہ ہے کہ انہوں نے مہنگائی کو آسمان پر پہنچا کر ہزاروں پاکستانیوں سے روزگار چھین لیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہاہے کہ امریکی صدر کی ایک فون کال کیلئے ترستے عمران خان نے تین سالوں میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہائی کا شکار کردیا، عمران خان کی باتیں بڑی بڑی ہوتی ہیں اور کارکردگی صفر۔۔ عوام اب جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ میں سے شروع ہوکر میں پر بات ختم کرنے والے وزیراعظم کو کوئی بتائے کہ پاکستان کی ابتدا اور انتہا ہم عوام ہیں، تین سالوں میں پاکستان میں صرف مافیا کو فائدہ ہوا ہے، آٹا چور اور چینی چور ترقی کرگئے، عوام مہنگی دوا کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں، بازاروں میں مہینے کا راشن خریدتے ہوئے بار بار اپنی جیب کو دیکھنے والا عام آدمی عمران خان کی کارکردگی کو اچھے طریقے سے سمجھتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان نے تین سالوں میں ملک کو تباہی کے اس دہانے پر پہنچادیا ہے کہ بحالی میں شاید ایک دہائی لگ جائے، حکومتی کارکردگی سرکاری افسران کی جھوٹی رپورٹوں سے نہیں بلکہ عوام کے چہرے پر پھیلی مسکراہٹ سے سامنے آتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کے مشیروں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر جو حکومتی کارکردگی تلاش کی ہے، عوام کو دوربین لگا کر بھی نظر نہیں آرہی، وزیراعظم کو خود معلوم ہے کہ وہ ملک کو انتظامی لحاظ سے تباہ کرچکے ہیں مگر اپنی ضد اور انا کی وجہ سے وہ اقتدار چھوڑنے کو تیار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن منتخب حکومت گرانے کیلئے فوج کے پیچھے پڑی ہے: وزیراعظم