خفیہ ایجنسیوں میں کوآرڈینیشن کیلئے کمیٹی کی منظوری ،ڈی جی آئی ایس آئی سربراہ ہوں گے

Nov 25, 2020 | 09:32:AM
خفیہ ایجنسیوں میں کوآرڈینیشن کیلئے کمیٹی کی منظوری ،ڈی جی آئی ایس آئی سربراہ ہوں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے نیشنل انٹیلی جنس کو آرڈی نیشن کمیٹی (این آئی سی سی) کےقیام کی تجاویز کی اصولی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کے تمام حساس اداروں کی حساس اطلاعات کی حساس ہاتھوں میں ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک نئی رابطہ کمیٹی کی تجویز کی منظوری دی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہےکہ کمیٹی میں تمام حساس اداروں کی نمائندگی ہوگی اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کمیٹی کے سر براہ ہوں گے۔

کمیٹی تمام حساس معاملات پر بروقت اطلاعات کے تبادلےکو یقینی بنائےگی،کمیٹی کے قواعد وضوابط کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تمام حساس ادارے اس رابطہ کمیٹی میں جو اطلاعات بھیجیں گے اس پر بہترین حکمت عملی کے ساتھ فوری کارروائی یقینی بنائی جاسکے گی۔اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے اس نئے سیٹ اپ کے قیام کی تجویز کی منظوری کے معاملے پر بات کرنے سے گریز کیا تو وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں ایک سوال پرکہاکہ اس معاملے پر کوئی تجویز آج وفاقی کابینہ میں زیر غور نہیں آئی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت اس کمیٹی کےقیام کے معاملے پر پارلیمان میں قانون سازی کرانے پر بھی غور کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ  گزشتہ کئی برسوں سے حساس اداروں کے درمیان رابطےکے فقدان کو ختم کرنےکی کوششیں جاری رہیں۔ جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں شروع ہونے والی اس کوشش کو قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی ( نیکٹا)کے بینر تلے عملی جامہ پہنانےکی کوشش کی گئی مگر معاملات طے نہ پاسکے اور یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا۔