گندم کی پیداوار کو اس سال بھی دھچکہ لگنے کا خدشہ ،ہدف کے مقابلے 39لاکھ ٹن کم رکھنے کی تجویز

Oct 24, 2025 | 20:50:PM
گندم کی پیداوار کو اس سال بھی دھچکہ لگنے کا خدشہ ،ہدف کے مقابلے 39لاکھ ٹن کم رکھنے کی تجویز
کیپشن: گندم، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم) گندم کی پیداوار کو اس سال بھی دھچکہ لگنے کا خدشہ  ہے،گندم کاپیداواری ہدف گزشتہ سال کے ہدف کےمقابلے39لاکھ ٹن کم رکھنے کی تجویزدی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت وفاقی کمیٹی برائے زراعت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں خریف کی فصلوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں ربیع فصلوں کیلئے پیداواری اہداف تجویزکیے گئے۔

دوران بریفنگ اجلاس میں گندم کی پیداوار کا ہدف 2 کروڑ 96 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن مقرر کرنے کی تجویز دی گئی۔

گزشتہ سال گندم کا پیداواری ہدف 3 کروڑ 35 لاکھ 80 ہزار ٹن مقرر کیا گیا تھا ،حالیہ سال گندم کاپیداواری ہدف حاصل نہیں ہوسکا تھا۔

اجلاس میں ختم ہونےوالےسال میں گندم کی پیداوار ہدف سے 15.36 فیصد کم رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ،اجلاس میں بریف کیا گیا کہ اس سال گنے کی پیداوار کا تخمینہ 84.7 ملین ٹن ہے، گنے کی پیداوارمیں 5.9 فیصد اضافے کا امکان ہے ۔

وزارت غذائی تحفظ کاکہناتھا کہ  چاول کی پیداوار کا تخمینہ 9.417 ملین ٹن ہے، چاول کی پیداوار میں 2.7 فیصد اضافے کا امکان ہے ۔مونگ بین کی پیداوار کا تخمینہ150.8 ہزار ٹن ہے ۔

وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کاکہنا ہے کہ ربیع کی فصل کیلئے پانی کی دستیابی اطمینان بخش ہے۔ربیع میں پنجاب و سندھ کیلئے33.814 ملین ایکڑ فٹ پانی کی دستیابی مختص ہے۔

اجلاس میں کہا گیاکہ  محکمہ موسمیات کےمطابق نومبر، دسمبر میں بارشیں معمول سے کم متوقع ہیں،  جنوری میں معمول کے قریب بارشوں کا امکان ہے،شدید سردی سے متعلق سوشل میڈیا افواہیں بے بنیاد قرار دے دی گئیں ۔

وفاقی وزیر رانا تنویر کاکہناتھا کہ کسانوں کو منصفانہ قیمت، معیاری بیج،قرضوں کی سہولت حکومت کی ترجیح ہے،  غذائی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔