وزیر اعظم عمران خان سے اسلامی نظریاتی کونسل کے وفد کی ملاقات

May 24, 2021 | 22:02:PM
وزیر اعظم عمران خان سے اسلامی نظریاتی کونسل کے وفد کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر مملکت فرخ حبیب، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی ملاقات میں موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملنے والے وفد میں اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران میں ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی، مولانا نسیم علی شاہ، سید محمد حبیب عرفانی، سید زین اللہ شاہ بخاری، علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، مفتی محمد زبیر، پیرزادہ جنید امین، مولانا حامد الحق حقانی، محمد حسن حسیب الرحمان اور ابوالحسن محمد شاہ، مولانا محمد حنیف جالندھری، جسٹس (ر) محمد رضا خان، محمد شفیق خان، جسٹس (ر) منظور حسین گیلانی، علامہ سید افتخار حسین نقوی، جاوید عامر عثمان اور پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منصور صاحبہ کے علاوہ اسلامی نظریاتی کونسل کے ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے افسر بھی شریک ہوئے۔
وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا کردار پاکستان کو ریاست مدینہ کے خطوط پر استوار کرنے میں اہمیت کا حامل ہے۔ریاست مدینہ کے دو سنہرے اصول جن میں انصاف اورعوامی فلاح شامل ہیں، ہماری ترقی کا ضامن بن سکتے ہیں۔ مغرب نے انہی اصولوں کو اپنا کر ترقی کی۔ وہاں کوئی قانون سے بالاتر نہیں اور انصاف کا بول بالا ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے بارے میں پہلے کسی لیڈر نے نہیں سوچا۔
 وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے سیاست صرف اسی لئے شروع کی کہ ریاست مدینہ کے اصولوں کو لاگو کر کے غریب کی خدمت کر سکوں۔ میں نے مغرب کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور اسی نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اسلام کے رہنما اصولوں اور سنت نبوی پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان فلاحی اور ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے۔مغربی اقدار ہم سے مختلف ہیں اور ہماری نوجوان نسل کو اس ضمن میں رہنمائی درکار ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نوجوان نسل کی اصلاح میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہی کمزور طبقے کو طاقتور بنایا، خواتین کو حقوق مہیا کئے۔اسلام کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی انصاف کا نظام رائج ہو سکتا ہے اور ہم کرپشن سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ ریاست مدینہ کے نظام تک کا سفر ایک جہد مسلسل ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی رہنماوں کا کردار اہم ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور ممبران نے تحفظ ناموس رسالت ، اسلاموفوبیا کے بارے بیانیئے، کشمیر اور فلسطینیوں کے حقوق کا مقدمہ لڑنے پر وزیر اعظم عمران خان کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:مائرہ کے قاتل نے اعتراف جرم کرلیا