کرشمہ کپورکے سابق شوہر کی 30 ہزار کروڑ کی کاروباری سلطنت کا وارث کون؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپورکے سابق شوہرسنجے کپور کے اچانک انتقال کے بعد ان کی 30 ہزار کروڑ روپے کی کمپنی سونا کامسٹار کو نیا سربراہ مل گیا۔
کمپنی کی جانب سے 23 جون کو اعلان کیاگیا کہ جیفری مارک اوورلی کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
سنجے کپور جو سونا BLW پریسیژن فورجنگز لمیٹڈ کے چیئرمین تھے، 12 جون کو انگلینڈ میں ایک پولو میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے،ان کی عمر صرف 53 سال تھی۔
جیفری مارک اوورلی 2021 سے کمپنی میں بطور آزاد ڈائریکٹر کام کر رہے ہیں،اب انہیں دوبارہ پانچ سال کے لیے چیئرمین نامزد کیا گیا ہے، جس کی منظوری کمپنی کی اگلی سالانہ میٹنگ میں دی جائے گی۔

سونا کامسٹار 1995 میں بھارت کے شہر گروگرام میں قائم کی گئی تھی جو آج امریکہ، چین، میکسیکو اور سربیا تک اپنے کاروبار کو پھیلا چکی ہے،2025 میں اس کی مالیت تقریباً 30,000 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، یہ کمپنی گاڑیوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی تیار کرتی ہے۔
سنجے کپورکی آخری رسومات دہلی کے لودھی روڈ شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں، جہاں اہلِ خانہ اور قریبی رشتہ دار موجود تھے،ان کے کرشمہ کپور سے دو بچے، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔کرشمہ کپورسے طلاق کے بعد انہوں نے ماڈل و بزنس ویمن پریا سچدیو سے دوسری شادی کی تھی، جن سے ان کا ایک اور بیٹا بھی ہے۔