شدید سردی، بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

Dec 23, 2023 | 20:45:PM
شدید سردی، بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا
کیپشن: شدید سردی، بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم کشمیر،گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برف باری کی توقع ہے۔  پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خریداروں کیلئے اچھی خبر، سونے کی قیمتوں میں کمی

محکمہ موسمیات کے مطابق (صبح) اتوار  کے روز اسلام آباد میں  موسم سرد اور خشک رہے گا، صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلودرہنے کے علاوہ چترال، دیر اور سوات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برف باری ہوسکتی ہے، صبح اور رات کے اوقات میں مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

صوبہ پنجاب کے  بیشتر  اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ  مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلودرہے گا، تاہم بہا ولپور، ساہیوال ،لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غا زی خان اور گردو نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر میں موسم شدید  سرد اور مطلع جزوی ابر آلودرہے گا جبکہ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلودرہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برف  باری کی توقع ہے۔