یہ ادا یہ ناز یہ انداز آپ کا؛لاہور میں سجاتین روزہ ہم برائیڈل کیٹیورویک2025
عروسی ملبوسات کیساتھ ساتھ میک اَپ اورہیئرسٹائلنگ کے نئے ٹرینڈزبھی پیش کئے گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ایم وقار)شادی بیاہ کی تقریب میں کبھی دُلہن ہی سجتی تھی لیکن اب شادی کی تقریب میں پورا ماحول ہی سجا سنورا ہوتا ہے،عروسی ناز و انداز میں وقت کے ساتھ فیشن کے رنگ نمایاں نظر آتے ہیں جس میں ملک کے بڑے شہروں میں تواتر کے ساتھ منعقد ہونے والے برائیڈل ویکس کا بڑا ہاتھ ہے،ان فیشن ویکس میں نامورڈیزائنرز کے ساتھ ساتھ فیشن انڈسٹری کے نوواردان بھی اپنی عروسی تخلیقات پیش کرتے ہیں۔

ویسے تو فیشن کی تاریخ بہت طویل ہے لیکن پاکستا ن میں فیشن نڈسٹری کا سفر چند دہائیوں پر محیط ہے،اس کی بنیاد رکھنے والوں نے انتہائی مُشکل حالات میں کام کیا اور خود کو منوایا جس کے بعد اب یہاں فیشن انڈسٹری پورے جوبن پر ہے جس کا اندازہ تواتر کیساتھ ہونیوالے فیشن ویکس سے لگایا جا سکتا ہے،پاکستان میں باقاعدہ فیشن انڈسٹری غالباً 70ء کی دہائی میں شروع ہوئی تھی اورصغریٰ کاظمی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے برائیڈل فیشن متعارف کروایا جو اب عروج پر پہنچ چکا ہے اوراب ہمیں ایک وسیع وعریض فیشن انڈسٹری نظر آتی ہے۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں تین روزہ ہم برائیڈل کیٹیورویک منعقد ہوا جس کے لئے پنڈال کو خوب صورتی سے سجایا گیا تھا،مہکتے رنگوں اورگاتی خوشبوؤں کے اس میلے میں تینوں روز ماڈلز نے خوش رنگ اور باریک کام والے عروسی ملبوسات زیب تن کرکے ریمپ پر جلوے بکھیرے،فیشن شو میں عروسی ملبوسات کیساتھ ساتھ میک اَپ اورہیئرسٹائلنگ کے نئے ٹرینڈزبھی پیش کئے گئے،تینوں روز مختلف ڈیزائنرز کی مہندی،بارات اور ولیمہ کے لئے خوب صورت برائیڈل کولیکشنز پیش کی گئیں جسے ملک کی معروف ماڈلز کے ساتھ ساتھ ٹی وی اور فلم کی نامور فن کارائوں نے بطور شوسٹاپر پہن کر ریمپ پررنگ بکھیرے اورسماں باندھے رکھا۔

پہلے روز کے پہلے شوکا آغاز فہد حسین کے ساتھ ہوا، جنہوں نے رن وے پر اپنے مخصوص ڈرامائی انداز اور جدید برائیڈل ایلیگنس کو پیش کیا۔ زین زوہیب اور وہاب شاہ کی لائیو پر فارمنس نے ان کی پیشکش کو مزیدخوب صورت بنادیا،سبینہ فاروق ان کی شو اسٹاپرتھیں،اس کے بعد، حرا ہانیہ کے عروسی ملبوسات پیش کئے گئے۔ اس دوران راگابوائرکے مرکزی گلوکار ولی حامد علی خان کی لائیو پرفارمنس نے خوب رنگ جمایا،ذیشان دانش کے ملبوسات کی نمائش کے دوران فاطمہ امجد نے پرفارم کیا اور بطور شو اسٹاپر واک بھی کی، المیرہ کے ملبوسات کی نمائش کے دوران اداکاراحمد علی اکبر بطور شو اسٹاپرریمپ پرآئے۔

آصفہ نبیل کی عروسی کولیکشن روایت اورجدت کاامتزاج لئے ہوئے تھی، ریشم کے بطور شو اسٹاپر آنے پر یہ سیکشن خوب صورت انداز میں اختتام پذیر ہوا۔
ندا ریحان کے عروسی ملبوسات کی نمائش کے دوران کنزا ہاشمی اور علی رضا بطور شو اسٹاپرز ریمپ پرآئے،رات کا اختتام ایچ ایس وائی کے ساتھ ایک شاندار انداز میں ہوا، جنہوں نے عظمت اور کٹور کی برتری کے ہم معنی ایک شاندار پیشکش دی،سوشل میڈیاسٹار جنت مرزا بطور شو اسٹاپر نمودار ہوئیں۔

ہم برائیڈل کٹور ویک 2025 کے دوسرے روزکا آغاز سوفیا کے ساتھ فیشن میں تبدیل ہوا جس میں رن وے پر یشما گل نے تازگی اور ٹھہراؤ لایا،اس کے بعد راجہ صلاح الدین کی پیشکش سامنے آئی جس میں عروہ حسین نے بطور شوسٹاپرریمپ پر واک کی ، شعیب اسماعیل کے ملبوسات کی نمائش کے دوران سحر گل اور حرا مانی شوسٹاپرتھیں،عظمیٰ بابر کے ساتھ ملبوسات کی نمائش کے دوران مایا علی بطور شو اسٹاپر نمودار ہوئیں ،شفقت امانت علی کی لائیو پرفارمنس نے بھی رنگ جمایا اور کین ڈول کی پراثر موجودگی سے اس سیکشن کااختتام ہوا، حارث شکیل کےملبوسات کی نمائش کے دوران کومل میر بطور شو اسٹاپر تھیں۔

برائیڈل کیٹیور ویک 2025 کے 23ویں ایڈیشن کے تیسرا اور آخری روز بھی شاندارعروسی ملبوسات پیش کئے گئے،تیسرے دن کا آغازعدنان پردیسی کے ساتھ ہوا، جنہوں نے اپنی کولیکشن’’آر‘‘کے نام سے پیش کی، اس سیگمنٹ میں حریِم فاروق شو اسٹاپر تھیں جنہوں نے رن وے پر پورے اعتماد اور شائستگی کے ساتھ قدم رکھا۔
علی زیشان کی کولیکشن کی نمائش شوکاسب سے خوب صورت سیگمنٹ تھاجس میں ابرار الحق کی جاندارپرفارمنس نے خوب رنگ جمایا،اکبر اسلم نے جدید دلہن کے لیے ایسا مجموعہ پیش کیا جو روایت میں گہری جڑیں رکھتا تھا،طلحہٰ باٹلہ کے ساتھ یہ رونق جاری رہی، سونیا حسین نے شو اسٹاپر کے طور پر پورے اعتماد اور شائستگی کے ساتھ اس حصے کا اختتام کیا۔
شام کے ایک سینمائی ہائی لائٹ کے طور پر فلم’’خان تمہارا‘‘ کا ٹیزر یلیز کیا گیاجو اس عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی ہے، اس فلم میں بلال اشرف اور مایا علی اداکاری کر رہے ہیں، جبکہ اس کی ہدایت کاری احتشام الدین نے کی ہے۔ فلم مومنہ درید اور بلال اشرف کی پروڈیوس کردہ ہے اور مصطفیٰ آفریدی کے لکھے ہوئے اسکرپٹ پر مبنی ہے۔
شام کا اختتام رضوان بیگ کے ساتھ ہوا، جنہوں نے اپنا مجموعہ ’’شاہانہ‘‘ پیش کیا یہ ان کی شان و شوکت اور ڈیزائن میں مہارت کا صحیح عکس تھا، اس حصے کو ثناء جاوید اور شعیب ملک جیسے شو اسٹاپرز نے مزید خوب صورت بنادیا جس نے تیسرے دن کا یادگار اور اثر انگیز اختتام کیا
بہترین مرد ماڈل کا ایوارڈ زاہب ملک جبکہ بہترین خاتون ماڈل کا ایوارڈ آمنہ بابر کو دیا گیا۔
ملکی اور غیر ملکی خریداروں کی ایک بڑی تعداد بھی پنڈال میں موجود تھی جس کے نتیجے میں فیشن انڈسٹری کو مزید ترقی ملے گی۔فیشن ویک میں حُسن اور فیشن کا خوب صورت امتزاج دیکھنے میں آیا۔