گلگت:سیلابی ریلوں میں 8گاڑیاں بہہ گئیں،3 سیاح جاں بحق،15 سے زائدلاپتہ،ریسکیو آپریشن جاری

Jul 21, 2025 | 22:27:PM
گلگت:سیلابی ریلوں میں 8گاڑیاں بہہ گئیں،3 سیاح جاں بحق،15 سے زائدلاپتہ،ریسکیو آپریشن جاری
کیپشن: گلگت بلتستان؛سیلابی ریلوں میں 8گاڑیاں بہہ گئیں،3 سیاح جاں بحق،15 سے زائدلاپتہ،ریسکیو آپریشن جاری
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  شاہراہ تھک بابوسر پر شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی،سیاحوں کی 8 سے زائد گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئیں جبکہ  3 سیاحوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں،4 زخمی سیاحوں کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق  15 سے زائد سیاح تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، فائبر آپٹک لائن بھی منقطع ہے   جس کے باعث ہزاروں سیاحوں کا اپنے گھروں سے رابطہ ٹوٹ چکا ہے۔

شاہراہ بابوسر کئی مقامات پر بند ہو چکی ہے، سڑکیں، کھیت، کھلیان اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے،سیکڑوں سیاح اب بھی سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں  جن میں سے کئی کو حکومت نے کامیابی سے ریسکیو کر لیا ہے  جبکہ مقامی آبادی نے بھی درجنوں متاثرہ سیاحوں کو پناہ دی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پھنسے ہوئے افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

  سیلابی ریلے کی زد میں آنے والے متاثرین میں لودھراں سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا ایک خاندان بھی شامل ہے،شاہدہ اسلام میڈیکل کالج کے مالک سعد اسلام کی اہلیہ اور بھائی جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ خود سعد اسلام کے ٹانگ میں فریکچر اور بیہوش ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ڈپٹی کمشنر دیامر کے مطابق سعد اسلام کے بیٹے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے  جبکہ خاندان کے دیگر افراد کو ڈی سی ہاؤس دیامر منتقل کر دیا گیا ہے، اس فیملی میں والدین،2 بہنیں، بہنوئی، بھائی، بھابھی، بیوی اور بچے تفریحی سفر پر گئے تھے۔

سانحے پر شاہدہ اسلام میڈیکل کالج کے سی ای او فہد اسلام اور ان کی بھابھی کے انتقال پر جہانگیر خان ترین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،اپنے  پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام فیملی نے طب و تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔

شاہدہ اسلام ہسپتال نے جنوبی پنجاب میں سب سے پہلے لیور ٹرانسپلانٹ کی ابتداء کی،اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے،انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم خاندان کے باقی افراد کی بخیریت واپسی کے لیے دعاگو ہیں۔  

 یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: نالہ لئی میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ