ملک کسی صورت بھی اداروں میں تقسیم در تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا ، چودھری شجاعت

Apr 21, 2023 | 18:20:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کسی صورت بھی اداروں میں تقسیم در تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے،سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ اکٹھے بیٹھنا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری سیاسی بحران پر پاکستان مسلم لیگ ق کے بڑوں کی بڑی بیٹھک ہوئی،مسلم لیگ کے (ق )سربراہ چودھری شجاعت کی سربراہی میں سیاسی بحران بارے مشاورتی اجلاس ہوا،اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر چودھری سرور اور جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ نے شرکت کی،اجلاس میں پارٹی کے نائب صدر چودھری سالک حسین اور جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین شریک ہوئے۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، پنجاب میں انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم بارے مشاورت ہوئی،اجلاس میں پنجاب کے انتخابی معرکے کیلئے اچھے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹیں دینے کا فیصلہ ہوا،پاکستان مسلم لیگ نے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا۔
اجلاس میں مفاہمتی عمل کیلئے پارٹی کی چار رکنی مذاکراتی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا،چار رکنی کمیٹی میں چودھری سرور، طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین شامل ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کسی صورت بھی اداروں میں تقسیم در تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے،سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ اکٹھے بیٹھنا چاہئے،سربراہ ق لیگ نے کہاکہ ناممکنات میں سے ممکنات کے امکانات پیدا کرنا ہی سنجیدہ اور زیرک سیاسی قائدین کا خاصہ ہے۔
چودھری سرور نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات چاہتی ہے، ایک روز انتخابات نہ ہونے کی صورت میں سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گا،پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے پارٹی ٹکٹس جلد الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیں گے، پارٹی کو منظم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، معروف سیاسی شخصیات پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے فواد چودھری سے بلیک میل ہوکر مجھے ٹکٹ نہیں دیا ، راجہ یاور کمال کا الزام