قومی کرکٹر کے ساتھ کروڑوں کا فراڈ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود نے الزام عائد کیا ہے کہ ملتان کے ایک کار شوروم کے مالک نے ان کے ساتھ 1.4 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی کا فراڈ کیا ہے۔
کرکٹر کے مطابق مذکورہ شوروم مالک نے ان کی گاڑی اصل دستاویزات کے بغیر فروخت کر دی، جب کہ اصل کاغذات تاحال کرکٹر کے پاس موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شوروم مالک نے نہ صرف گاڑی فروخت کی بلکہ اس کے بدلے جعلی دستاویزات والی ایک اور گاڑی فراہم کی اور اس کے علاوہ 70 لاکھ روپے کی اضافی رقم بھی وصول کی۔
قومی کھلاڑی نے اس معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب، پولیس حکام، اور اعلیٰ حکومتی شخصیات سے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کی تمام تر تفصیلات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ایسے لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا جو لوگوں کی محنت کی کمائی سے کھیلتے ہیں اور ان کے ساتھ فراڈ کرتے ہیں۔
صہیب مقصود نے کہا کہ ’اگر ایک قومی کرکٹر ہو کر میں خود کو بے بس محسوس کر رہا ہوں۔
عام شہریوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہوگا؟ ہمیں ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کر کے معاشرے کو محفوظ بنانا ہوگا۔