امریکی یوٹیوبر نے لائیو اسٹریم کے دوران ڈیڑھ ارب کی رقم عطیہ کردی

Aug 20, 2025 | 18:14:PM
امریکی یوٹیوبر نے لائیو اسٹریم کے دوران ڈیڑھ ارب کی رقم عطیہ کردی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں مشہور امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے لائیو اسٹریم کے دوران ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم عطیہ کرکےایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ کردیا ہے۔جو کہ پاکستانی تقریباً ایک ارب چالیس کروڑ روپے بنتے ہیں , انہوں نے ضرورت مندوں کی مدد کر کے دنیا میں ایک مثال قائم کی۔

14 اگست کو "کِک" پلیٹ فارم پر مسٹر بیسٹ، ایڈن روس، اور xQc نے ایک تاریخی 15 گھنٹے طویل لائیو اسٹریم کی میزبانی کی، جس کا مقصد عالمی فلاحی منصوبے ’ٹین واٹر‘ کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔

اس اسٹریم کے دوران بھاری عطیات جمع ہوئے، اور یہ تقریب Z Event کے 2021 کے ریکارڈ کے ہم پلہ ثابت ہوئی، جب انہوں نے بھی اتنی ہی بڑی رقم اکٹھی کی تھی, اس موقع پر مسٹر بیسٹ نے کہا "اس اسٹریم کی بدولت بے شمار زندگیاں بدلنے والی ہیں۔

اس مشن کو کامیاب بنانے میں کئی معروف شخصیات نے بھرپور حصہ لیا, عطیات دینے والوں میں بی لوو الیکٹرولائٹ، فن بیگز، کِک کے شریک بانی ایڈ کریون، بیجان طہرانی، انفلوئنسر صوفی رین، اور مشہور اسٹریمر ٹرین ریکٹس ٹی وی شامل تھے جن میں سے ہر ایک نے کم از کم دس لاکھ ڈالر کا دل کھول کر عطیہ دیا۔

 اس کے علاوہ، ڈانا وائٹ، مائیکل روبن، برائن چیسکی، گیری وی، اور کیسی واسر مین جیسے بڑے ناموں نے بھی فیاضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہم کو تقویت بخشی۔

اس لائیو اسٹریم کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کے لیے کئی انوکھے اور سنسنی خیز مقابلے ترتیب دیے گئے، جن میں لائی ڈیٹیکٹر ٹیسٹ، خطرناک سانپوں کے ساتھ چیلنجز، بال کٹوانے کے مقابلے، اور تیل میں کشتی جیسے دلچسپ ایونٹس شامل تھے، یہ غیر معمولی سرگرمیاں نہ صرف ناظرین کی توجہ کا مرکز بنیں، بلکہ چندہ جمع کرنے کے عمل کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچا گئیں۔

مسٹر بیسٹ، جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے، آج دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر ہیں ، جن  کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 422 ملین سے بڑھ چکی ہے، جبکہ ان کی ویڈیوز کروڑوں میں دیکھی جاتی ہیں۔یوٹیوب کے علاوہ وہ اپنی فاسٹ فوڈ چین اور دیگر کاروباری منصوبوں کے ذریعے بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جون 2025 میں مسٹر بیسٹ وہ پہلے انفرادی کریئیٹر بنے جنہوں نے 400 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کیا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر خارجہ اسحاق ڈار سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کیلئے کابل پہنچ گئے