گندم کی فی من قیمت 3500 روپے مقرر، حکومت نے منظوری دے دی

Oct 19, 2025 | 19:50:PM
گندم کی فی من قیمت 3500 روپے مقرر، حکومت نے منظوری دے دی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی ) وفاقی حکومت نے گندم پالیسی 26-2025ء کی منظوری دے دی  جس کے مطابق گندم کی فی من قیمت 3500 روپےمقرر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گندم پالیسی سے متعلق اجلاس میں ہوا،حکومت مستحکم ذخائر اور کسانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے سٹریٹجک سٹاک خریدے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز گندم پالیسی26-2025سےمتعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ،اجلاس میں پنجاب، سندھ،بلوچستان اورگلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی،خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلی کے نمائندے،جموں وکشمیر کے وزیراعظم اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز بھی شریک ہوئے ۔

 شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی معیشت ہے اور گندم کی فصل کلیدی اہمیت کی حامل ہے،گندم پاکستان کے لوگوں کی بنیادی خوراک ہے، گندم ملک کے کسانوں کے لیے آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے، حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ 

اجلاس کو پالیسی کے نمایاں خدوخال سے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں کہا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں 2025-26 کی گندم کی فصل سے تقریباً 6.2 ملین ٹن کے سٹریٹجک ذخائر حاصل کریں گی،خریداری 3,500 روپے فی من، گندم کی بین الاقوامی درآمدی قیمت کے مطابق کی جائے گی،یہ اقدام مارکیٹ کی مسابقت کو برقرار رکھتے ہوئے کسانوں کو منصفانہ قیمت و منافع کو یقینی بنائے گا،پالیسی کے تحت پاکستان بھر میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اس کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ 

 بریفنگ کے مطابق وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ گندم کی نگرانی کی ایک قومی کمیٹی کی صدارت کریں گے،کمیٹی میں تمام صوبوں کے نمائندے شامل ہوں گے،کمیٹی پالیسی اقدامات پر عمل درآمد اور ہم آہنگی کی نگرانی کرے گی،کمیٹی ہفتہ وار اجلاس کرے گی اور براہ راست وزیراعظم کو رپورٹ کرے گی،کسانوں کو مناسب قیمت دی جائے گی اور حکومت مستحکم ذخائر اور کسانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کافی  سٹاک خریدے گی۔ 

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،پالیسی کیلئے صوبوں،کسان تنظیموں سمیت ہر کسی سے مشاورت کی،مشاورت کی بنیاد پر ہی حکومت قومی گندم پالیسی کا اعلان کر رہی ہے،پالیسی کا مقصد عوامی مفادات کا تحفظ اور کسانوں کا منافع یقینی بنانا ہے، متفقہ پالیسی کی تیاری میں صوبائی حکومتوں کا تعاون قابل تعریف ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :  خیبرپختونخواضمنی بلدیاتی انتخابات؛ چیئرمین کی نشست پر 2آزاد امیدوار کامیاب