ملک کے وسیع ترمفاد میں  اتحادی حکومت بنائی :بلاول بھٹو

May 19, 2022 | 15:10:PM
 ملک کے وسیع ترمفاد میں  اتحادی حکومت بنائی :بلاول بھٹو
کیپشن: وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے ملک کے وسیع ترمفاد میں  اتحادی حکومت بنائی جس کا مقصد جمہوریت اورمعیشت کودرپیش خطرات سے موثر انداز میں نمٹنا ہے، اتحادی حکومت میں شامل جماعتیں  انتخابی اورجمہوری اصلاحات کے لئے مل کرکا م کریں گی۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت اتحادیوں کی حکومت ہے۔ملک کو اس وقت جمہوریت اورمعیشت کے بحران  سمیت دہشتگردی اورانتہاپسندی کے خطرات کا سامنا ہے۔ مختلف منشوراورنکتہ نظررکھنے والی سیاسی جماعتوں کےمل کرحکومت بنانے کا مقصد ان خطرات سے موثر طریقے سے نمٹنا ہے،انتہاپسندی اوردہشتگردی کے خلاف اقدامات اوراسلام کا پرامن پیغام پھیلانے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔پاکستان کو دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پرتشویش ہے اورہم افغان حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے، ہم اپنی جانب سے صورتحال کا نہ صرف بغورجائزہ لے رہے ہیں بلکہ دہشتگردی پرقابو پانے کے لئے اقدامات بھی کررہے ہیں۔توقع ہے کہ افغان حکومت عالمی معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی سرزمین دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گی۔

بلاول بھٹوزرداری   نے کہا کہ پاکستان نے افغان مسئلے کے حل کے لئے ہمیشہ مذاکرات اورسفارتکاری کی حمایت کی ہے اوراس موقف پرتنقید کا سامنا بھی کیا لیکن بالآخر عالمی برادری کو بھی یہی راستہ اپنانا پڑا،یہ پاکستان یا کوئی دوسرا ملک نہیں بلکہ امریکا تھا جس نے طالبان سے کابل میں ان کی حکومت قائم ہونے سے قبل براہ راست رابطہ اورمذاکرات کئے اوردونوں کے درمیان معاہدہ بھی براہ راست ہوا۔اس لئے اگر کس نے کس کو تسلیم کیا کی بات کی جائے گی تواس سے معاملہ پیچیدہ ہوجائے گا، طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ عالمی برادری کے ساتھ مل کرکریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ہمارا موقف ہے کہ افغان حکومت کے ساتھ رابطے رکھے جائیں  خصوصا افغان عوام کی فلاح اوربہبود کے لئے۔

افغانستان کے پچانوےفیصد عوام کا غربت کا شکار ہونا عالمی برادری سمیت کسی کے لئے بھی اچھا نہیں ہے۔ اگرعالمی برادری اورپاکستان نے افغان عوام کی مشکل میں مدد نہ کی تو ان کو اچھا پیغام نہیں جائے گا توقع ہے کہ افغان حکومت لڑکیوں کی تعلیم سمیت عالمی برادری سے کئے گئے وعدوں کوپورا کرے گی۔