وسیم اکرم پر آن لائن جوئے کی تشہیر کا الزام، قانونی کارروائی کے لیے درخواست دائر
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )سابق پاکستانی کرکٹ کپتان وسیم اکرم ایک نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے آن لائن جوئے کے پلیٹ فارم کی تشہیر کی، جس پر ایک شہری نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست دائر کر دی۔
رپورٹس کے مطابق لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں دائر کی گئی ایک درخواست میں سابق کرکٹ کپتان اور مایہ ناز بولر وسیم اکرم کے خلاف اسپورٹس بیٹنگ اور جوا کھیلنے والے پلیٹ فارم کی تشہیر پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
محمد فیاض نامی شہری کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ سابق انٹرنیشنل کرکٹر نے ایک بھارتی بیٹنگ کمپنی جو اس پلیٹ فارم سے منسلک ہے، اس کے ساتھ برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر معاہدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:میٹرک کے نتائج کا اعلان، طالبات بازی لے گئی
شکایت کنندہ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرتے ایک پوسٹر اور ویڈیو کلپ میں وسیم اکرم کو اس پلیٹ فارم کی تشہیر کرتے اور لوگوں کو دلچسپ تجربے کے لیے شامل ہونے کی تاکید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ وسیم اکرم نے ایک بھارتی بیٹنگ اور جوا کھیلنے والی کمپنی کے ساتھ برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر معاہدہ کیا، ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو کلپ میں وہ لوگوں کو بیٹنگ ایپ میں شامل ہونے کی دعوت دے رہے ہیں اور شائقین کو کمائی کے مواقع سے راغب کر رہے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ سابق کرکٹر اس پلیٹ فارم سے منسلک ہو کر پاکستان میں جوئے کو فروغ دے رہے ہیں، جو کہ قانون کے مطابق ممنوع اور ہر شکل میں غیر قانونی ہے۔
شکایت کنندہ نے وسیم اکرم کے خلاف 2016 کے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔