لاہور؛علامہ اقبال ٹاﺅن کے گھر میں داخل ہونیوالے6ڈاکو مقابلے میں مارے گئے 

Nov 18, 2023 | 20:58:PM
لاہور؛علامہ اقبال ٹاﺅن کے گھر میں داخل ہونیوالے6ڈاکو مقابلے میں مارے گئے 
کیپشن: ڈاکوؤں کی لاشیں ہسپتال منتقل کی جارہی ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اسرار خان)پولیس نے ایمر جنسی کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال ٹاﺅن کے ایک گھر میں داخل ہونے والے 6ڈاکوﺅں کو مقابلے میں ہلاک کر دیا ،پولیس اور ڈاکوﺅں کے درمیان مقابلے کے دوران خوش قسمتی سے اہل خانہ محفوظ رہے ، پولیس نے فرانزک ماہرین کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ڈاکوﺅں کی لاشوں کو مردہ خانہ منتقل کرکے شناخت کا عمل شروع کر دیا ۔
 بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز 4مسلح ڈاکو علامہ اقبال ٹاﺅن کے کالج بلاک میں واقعہ ڈاکٹر عباد نامی شہری کے گھر میں داخل ہوگئے جبکہ 2ڈاکو گھر کے باہر پہرے پر موجود رہے، اسی دوران گھر کی چھت پر موجود لڑکی نے ڈاکوﺅں کو دیکھ کر شور مچا دیا جس پر اہل علاقہ نے فوری طور پر پولیس ایمر جنسی 15پر کال کر دی ۔ وائرلیس ہونے پر پیٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچی تو پہرے پر موجود ڈاکوﺅں نے فائرنگ کر دی اورجوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو مارے گئے ۔ ایس پی اقبال ٹاﺅن اور ایس پی سی آئی سمیت دیگر افسران بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور گھر کو گھیرے میں لے لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق یر غمال بنائے گئے تمام اہل خانہ کوبحفاظت باہر نکال لیا گیا جس کے بعد 2ڈاکوپولیس سے مقابلہ کرتے ہوئے گھر کے اندر مارے گئے جبکہ 2ڈاکو فرار ہونے کی کوشش میں پولیس کی گولیوں کا نشا نہ بن گئے۔ پولیس اور ڈاکوﺅں کے درمیان مقابلے میں خوش قسمتی سے تمام اہل خانہ محفوظ رہے ۔ پولیس کی جانب سے فرانزک ماہرین کو بھی طلب کر لیا گیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ڈاکوﺅں کی لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔
پولیس کے مطابق پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکوﺅں کی شناخت ہو گئی جن میں علی رضا ولد منشا قوم تھیم سکنہ میاں چنوں 15/ایل ضلع خانیوال ، عمران ولد اللہ دتہ قوم مہر سکنہ 102/EBتھانہ شیخ فاضل تحصیل بورے والا ضلع وہاڑی ، چاند ولد عبد المجید قوم موچی سکنہ ضلع وہاڑی ، علی رضا ولد رحمت علی قوم رانا راجپوت سکنہ چک نمبر 102/EBتحصیل بورے والا ضلع وہاڑی ،وسیم عرف چھیما ولد شریف سکنہ چک 102/EBتحصیل بورے والا ضلع وہاڑی اور وسیم ولد نامعلوم سکنہ وہاڑی شامل ہیں ۔پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے ناکہ بندی کر کے علاقے کو گھیرے میں لئے رکھا جس کی وجہ سے اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بعد ازاں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ایس ایس پی آپریشنز علی رضا بھی انکے ہمراہ تھے ۔آئی جی پنجاب نے رہائشی فیملی کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اور پولیس مقابلہ کرنے والی اقبال ٹاﺅن آپریشن ڈویژن کی ٹیم سے بھی ملاقات کی ۔ آئی جی پنجاب نے ایس پی اقبال ٹاﺅن ارتضی کمیل، ڈی ایس پی عاطف معراج اور ایس ایچ او جاوید حسین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام پولیس افسران کے لیے انعام اور میڈل کی سفارش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے 15 فائیو کال پر فوری ریسپانس کیا ، پولیس کی بہتر حکمت عملی سے یرغمال رہائشی محفوظ رہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ مجموعی طور شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: خاتون ٹی وی اینکرکیخلاف مقدمہ درج