چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی ہائی الرٹ، پنجاب بھر میں اضافی نفری تعینات

Mar 18, 2026 | 10:24:AM
 چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی ہائی الرٹ، پنجاب بھر میں اضافی نفری تعینات
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عابد چوہدری)انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چاند رات کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر کی مارکیٹوں، اہم مقامات اور عبادت گاہوں پر لیڈی پولیس سمیت 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ صرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں 5 ہزار اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

عیدالفطر کے دن صوبہ بھر میں 29 ہزار عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 47 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ لاہور میں 10 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے تعاون سے دہشت گردوں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، انہوں نے بین الصوبائی سرحدوں اور دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی تاکید کی۔

عبدالکریم نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور دیگر اہم مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے، جبکہ ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو مؤثر پٹرولنگ کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نوازکاعید پر زائد کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ چاند رات اور عید کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں جبکہ اہم شاہراہوں، تفریحی مقامات اور پبلک جگہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے۔

پنجاب پولیس کے مطابق شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔