تھنڈر سٹارم اور برف باری؛ این ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) آج لاہور میں اچھی خاصی گرمی پڑی لیکن نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے آج شام اعلان کر دیا کہ ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شہری اور متعلقہ ادارے تھنڈر سٹارم سے بچنے کی تیاری کر لیں۔
این دی ایم اے نے مشورہ دیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ (این ڈی ایم اے) ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش (تھنڈر سٹارم) کے ساتھ پہاڑوں پر برف باری کا بھی الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی اور جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
الرٹ میں کہا گیا کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، مینگورہ، بٹگرام، ہری پور، پشاور اور مانسہرہ میں اگلے 12 سے 24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ایبٹ آباد، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے، اسی طرح اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوا ل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں اگلے 12 سے24 گھنٹوں میں آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، استور، دیامر، کھرمنگ، شگر، غذر، نگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ،کوٹلی اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان اور کوہلو میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور تیز ہواؤ ں سمیت بارش کا امکان ہے۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں برف باری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ لہٰذا مسافر احتیاط کریں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔