پاکستان، سری لنکا، زمبابوے کے درمیان سہ فریقی سیریز کے شیڈول کا اعلان

Nov 17, 2025 | 19:22:PM
پاکستان، سری لنکا، زمبابوے کے درمیان سہ فریقی سیریز کے شیڈول کا اعلان
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان ،سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز منگل سے راولپنڈی میں شروع ہوگی،سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا،سیریز کے تمام میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

موجودہ سیزن میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے جبکہ ایشیا کپ کا فائنل کھیلا ہے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہناہے کہ یہ تین ملکی سیریز ہمارے لیے بالکل درست وقت پر ہے، یہ گروپ کو دو اچھی ٹیموں کے خلاف مسلسل کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کرے گی اور ہماری ٹی ٹوئنٹی منصوبہ بندی کو اگلے سال ہونے والے اہم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل مزید نکھارنے کا موقع فراہم کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ مہینوں میں حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،شارجہ میں سہ فریقی سیریز جیتی، ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز جیتی۔ 

ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور ہم اس تسلسل کو اس سیریز میں لے جانے کے لیے پر اُمید ہیں، ہم نے راولپنڈی کے شائقین کی جانب سے ہوم سائیڈ کے لیے زبردست سپورٹ دیکھی ہے اور ہم اس سیریز میں بھی اعلیٰ معیار کے مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان21  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 18 جیتے ہیں جبکہ 3 میں زمبابوے نے کامیابی حاصل کی ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے14 جیتے ہیں اور 10 میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان سکواڈ جن کھلاڑیوں پر مشتمل  ہوگا ان میں سلمان علی آغا ( کپتان )،فخرزمان، صائم ایوب، بابراعظم،صاحبزادہ فرحان،عثمان خان، عبدالصمد ،فہیم اشرف، محمد نواز،ابرار احمد ، وسیم جونیئر،شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، سلمان مرزا اور عثمان طارق شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کا زمبابوے سے مقابلہ 18نومبر کو ہوگا، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں 20 نومبر کو مدمقابل آئیں گی، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 22نومبر کو مدمقابل ہوں گی، پاکستان اور زمبابوے 23 نومبر، سری لنکااور زمبابوے 25 نومبر ، پاکستان ، سری لنکا 27 نومبر کو مدمقابل ہوںگے۔

یہ بھی پڑھیں :بابر اعظم ،محمد رضوان کے ریکارڈز، کھلاڑیوں کیساتھ جشن منایا